راولپنڈی میں جاری فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے ہیں۔
یوں پاکستان کو انگلینڈ پر 53 رنز کی برتری حاصل ہے۔
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرالی دو، بین ڈاکٹ 12 اور اولی پوپ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے دن کے اختتام پر جو روٹ پانچ اور ہیری بروک تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دو اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
اس سے قبل پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
سعود شکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سینچری بنائی جس کی وجہ سے پاکستان کی اننگز میں جان آئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 16، کپتان شان مسعود 26، کامران غلام 3، محمد رضوان 25 اور سلمان آغا 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر اور ریحان احمد نے 2، 2 جبکہ جیک لیچ اور گس ایٹکنسن نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ہے۔
میچ کا پہلا دن
جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور 267 رنز بنائے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی سمیتھ 89 رنز اور بین ڈکٹ 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انگلش کھلاڑی گس ایٹکنسن 39، زیک کرالی نے 29، جیک لیچ 16اور بین سٹوکس نے نو رنز سکور کیے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز حاصل نہ کر سکا۔
پاکستانی سپنرز نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا، جس میں ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے 1 وکٹ حاصل کی تھی۔
Stumps on day two with Pakistan in control of the Rawalpindi Test
Noman and Sajid take three important wickets as England are 53 runs behind
Scorecard: https://t.co/KZy76OPc1b#PAKvENG | #TestAtHome pic.twitter.com/N0zEh48T4A
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 25, 2024
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے اس میچ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے والے ابتدائی 11 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اس میچ میں پاکستان کی قیادت شان مسعود کر ر ہے ہیں، جبکہ کامران غلام، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، نائب کپتان سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
تین میچوں کی اس سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی، جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان نے کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو ہرا دیا۔
تیسرے میچ کا نتیجہ سیریز کا فیصلہ کرے گا۔