کراچی میں معمول سے زیادہ گرم اکتوبر: ’ونٹر کی نئی کلیکشن آ گئی مگر سردی نہ آئی‘

اکتوبر کے اختتام پر جب ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت ہلکی خنکی ماحول پر دستک دے چکی ہے ایسے میں کراچی کا درجہ حرارت تقریبا 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2024 میں پچھلے تین ہفتوں سے پڑنے والی گرمی معمول سے بڑھ کر ہے اور مزید اگلے دو سے تین روز تک درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہے گا۔
گرمی کی لہر
Getty Images
فائل فوٹو

’سردی کے پھل آ گئے، سبزی آ گئی، بازاروں میں ونٹر کی نئی کلیکشن آ گئی مگر نہ آئی تو سردی نہ آئی ۔۔۔‘

’اللّٰہ معاف کرے کراچی نے تو لگتا ہے براہ راست جہنم سے کنکشن لیا ہوا ہے، ہائے گرمی۔‘

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ان دنوں گرمی کی شدت کا اندازہ لگانا ہو تو کسی سے حال احوال پوچھ لیں یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین کے تبصروں اور رائےکا جائزہ لیں تو بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ اہلیان کراچی یہ کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ رواں برس کراچی میں اکتوبر کے مہینے میں معمول سے زیادہ گرمی ہے۔

اکتوبر کے اختتام پر جب ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت ہلکی خنکی ماحول میں دستک دے چکی ہے ایسے میں کراچی کا درجہ حرارت تقریبا 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب پہنچا ہوا ہے۔

کیا کراچی والوں کے یہ دعوے درست ہیں اور اگر ایسا ہے تواکتوبر میں موسم کی شدت کی وجہ کیا؟

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2024 میں پچھلے تین ہفتوں سے پڑنے والی گرمی معمول سے بڑھ کر ہے اور مزید اگلے دو سے تین روز تک درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہے گا۔

محمکمہ موسمیات نے اس کی وجہ ہوا کے دباؤ اور ڈپریشن کو قرار دیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت تک موجود ڈیٹا کے مطابق اس سال دسمبر میں سردی بھی معمول سے کچھ کم پڑنے کا امکان دکھائی دے رہا ہے۔

 گرمی
Getty Images

اس بارے میں بات کرتے ہوئے کراچی کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نےبتایا کہ اکتوبر کے دوسرے ہفتے سے درجہ حرارت میں معمول سے تین سے چار ڈگری اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

’اگر گذشتہ تین دن کی بات کریں تو کراچی میں دن کے وقت کا درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ رہا جبکہ ریکارڈ کے مطابق کراچی میں اکتوبرکا معمول کا درجہ حرارت 35.6 ڈگری رہتا ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق ’اسی طرح کراچی میں پچھلے ایک ہفتے سے رات کا درجہ حرارت 24 سے 28 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا جو کہ اوسطاً 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے آس پاس ہوتا ہے۔‘

تو کیا یہ گرمی کی شدت کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر حصوں میں بھی موجود ہے؟

اس کا جواب دیتے ہوئے سردار سرفراز نے بتایا کہ ’پچھلے چار روز سے کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے چار سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے۔‘

سردار سرفراز کے مطابق اکتوبر کا ماہ کراچی کے لیے مئی اور جون کے بعد تیسرا گرم مہینہ ہوتا ہے جہاں معمول کا درجہ حرارت (پچھلے 30 برسکے ریکارڈ کا اوسط ) مئی میں 35.8 ڈگری سینٹی گریڈ،جون میں 35.7 ڈگری جبکہ اکتوبر میں 35.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔

 گرمی کی لہر
Getty Images

معمول سے زیادہ گرمی کی وجوہات کیا ہیں؟

اس غیر معمولی گرمی کی وجوہات کیا ہیں اور اس میں کمی کب تک آئے گی؟اس سوال کا جواب دیتے ہوئے محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا کہ ’پہلے مون سون کے بعد اکتوبر میں ایک آدھ ہفتہ گرمی پڑتی تھی اور پھر اس میں بتدریج کمی آ جاتی تھی لیکن اس بار اکتوبر کا پہلا ہفتہ ہی معمول کے مطابق گزرا اور اس کے بعد سے مسلسل گرمی پڑ رہی ہے۔‘

سردار سرفراز نے اس گرمی کی وجوہات کو سمجھاتے ہوئے بتایا کہ حالیہ گرمی کی مختلف میٹرولوجیکل وجوہات ہیں۔ پہلے سمندر میں ہوا کا کم دباؤ پھر ڈپریشن بنا جس نے عمان کی جانب رخ کیا اور اس وجہ سے سمندری ہوائیں چلنا رک گئیں۔‘

ان کے مطابق ’پچھلے ہفتے سے پڑنے والی گرمی کی وجہ شمال، بلوچستان کے صحرائی علاقوں اور راجھستان سے کراچی کی جانب ہوا کا رخ ہےجس سے گرمی بڑھ گئی۔

’اس وقت نہ صرف سطح پر ہائی پریشر ہے بلکہ اوپری سطح (اپر ایٹماسفیئر) میں 18000 فٹ پر، 10 ہزار یا پانچ ہزار کی سطح پر بھی ہوا کا زیادہ دباؤ بنا ہوا ہے تو جب اوپر زیادہ دباؤ ہوتا ہے تو سطح پر زیادہ گرمی پڑتی ہے۔‘

’پچھلے دو تین دن سے سندھ بھر میں درجہ حرارت معمول سے تین سے چار ڈگری زیادہ ہیں۔‘

’جھلستا خشک مزاج اکتوبر اختتام پر مگر سردی کی آمد کا کوئی سگنل نہیں‘

ان دنوں کراچی کے جس دوست، عزیز رشتہ دار سے بات کریں تو ایک شکوہ سب کی زبان پر آتا ہے کہ گرمی نے برا حال کر رکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی لوگ گرمی کی اس لہر کو مئی اور جون جیسی گرمی قرار دے رہے تو کئی کےسردی نہ آنے پر گویا مزاج برہم ہیں۔

یاسمین ناز نامی فیس بک صارف نے پوسٹ لگائی کہ ’گرمی شدید ہے۔ کراچی میں جو مزاج عوام کا ہے ویسا ہی شاید موسم ہو گیا ہے۔میں نے اکتوبر کو کبھی اتنا گرم نہیں دیکھا۔ کراچی اپنے معتدل موسم کی وجہ سے مشہور تھا۔ کراچی کی خوبصورت شامیں گرمیوں میں بھی فرحت بخش ہوتی تھیں اب بس جھلستا خشک مزاج اکتوبر اختتام پر ہے مگر سردی کی آمد کا کوئی سگنل نہیں۔‘

کئی صارفین ایسے ہیں جو 40 ڈگری سینٹی گریڈ میں بازاروں میں موسم گرما کی اشیا اور لوازمات آنے پر بھی شکوہ کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے کراچی میں گرمی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’کراچی کی گرمی اور اکتوبر میں سخت مقابلہ ہے کہ پہلے کون جاتا ہے۔‘

اسی طرح ایک اور سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ ’اس بار اکتوبر میں کراچی کی گرمی جون جولائی سے کم نہیں۔ یقین نہیں آ رہا کہ دن چھوٹے ہو رہے ہیں، آگے دسمبر ہے وہی جون والے حالات ہیں۔‘

https://twitter.com/starrymm426/status/1849918072645165564

گرمی کی شدت کے مزیدتین روز اور

کراچی کے محمکہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ میں ابھی اس گرمی کی شدت کے مزید تین روز اور ہیں۔

’دو دن تک اس میں کمی آئے گی لیکن نومبر کے پہلے عشرے تک دن کا موسم کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں کم و بیش ایسا ہی رہے گا۔‘

اور کیا اس کے بعد کراچی والے سردی کے مزے بھی لے سکیں گے؟

اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’کراچی میں تو سردی دسمبر میں ہی آتی ہے تاہم اس سے پہلے یہ ہوتا ہے کہ نومبر میں رات اور علی الصبح کچھ خنکی بڑھ جاتی ہے۔ میں ہم توقع کرتے ہیں کہ آٹھ سے 10 نومبر تک درجہ حرارت میں کچھ کمی آئے گی۔

ان کے مطابق مغربی ہواوؤں کے زیر اثر اگلے دو دن میں شمالی اور بالائی علاقوں میں کچھ بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اکتوبر سے دسمبر کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اپنی پریس ریلیز میں بلوچستان کے جنوب مغربی حصے، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ظاہر کی ہے جبکہ سندھ، پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں دسمبر تک درجہ حرارت معمول کے قریب قریب ہو گا۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.