لاہور: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کل جونسبرگ کے لیے روانہ ہو گی۔
لاہور اور کراچی کے قومی کھلاڑی بذریعہ دبئی فلائٹ سے جوہانسبرگ جائیں گے۔ قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود، محمد عباس، عامر جمال اور نائب کپتان سعود شکیل ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
خرم شہزاد، میر حمزہ، نعمان علی اور حسیب اللہ بھی ٹیسٹ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔ ہیڈ کوچ قومی ٹیسٹ ٹیم جیسن گلیسپی بھی کل بروز جمعہ جنوبی افریقہ جائیں گے۔
ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقہ میں قومی کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر سے سینچورین میں ہو گا۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے باعث ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ ٹم نیلسن کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہو گیا۔
ٹم نیلسن کو ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اپنے ساتھ لائے تھے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ان کے معاہدے میں توسیع نہیں کی گئی۔
چیمپئنز ٹرافی: پاک بھارت میچز سے متعلق پی سی بی اپنے مؤقف پرقائم
کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران ٹم نیلسن کا کہنا تھا کہ توسیع ملنے کا انتظار کر رہا تھا۔ اور ہم اچھے انداز سے آگے بڑھ رہے تھے۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے بھی تیار تھے لیکن پی سی بی نے بتایا ہے کہ آپ کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ ٹم نیلسن کی اگست میں ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ تقرری ہوئی تھی۔