فنانشل لٹریسی ملکی معیشت کے فروغ میں اہم

image

تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے، جو اُس میں شعور، بات چیت کرنے کا طریقہ، رہن سہن کا ڈھنگ اور اچھے برے کی تمیز پیدا کرتا ہے۔ تعلیم ہی انسان میں کچھ کر گزرنے کا جذبہ اور حوصلہ پیدا کرتا ہے۔ تعلیم کوئی بھی ہو، دینی ہو یا دنیاوی، سائنس و ٹیکنالوجی ہو یا کاروبار و معیشت یا ادب و سیاست، اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ ہر دور میں تعلیمی تقاضے مختلف ہوتے ہیں، موجودہ دور میں مالیاتی خواندگی (فنانشل لٹریسی) کی ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں شرح خواندگی (لٹریسی ریٹ) خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے اور غربت و عدم مساوات عام ہے وہاں فنانشل لٹریسی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ آج کے دور میں آن لائن بینکنگ، کریڈٹ کارڈز، ڈیجیٹل پیمنٹس اور دیگر جدید مالیاتی خدمات کا استعمال روز بروز بڑھتا جارہا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ ہر شخص کو ان کی بنیادی سمجھ بوجھ ہو۔ جب لوگوں کو ضروری معلومات ہوں گی تو وہ نہ صرف اچھے مالیاتی فیصلے کرسکیں گے بلکہ گھر بیٹھے آن لائن بینکنگ کے ذریعے رقم کا لین دین، یوٹیلیٹی بلوں، فیسوں اور ٹیکسز کی ادائیگی کرسکیں گے۔ فنانشل لٹریسی ایک طریقہ ہے، جس سے مالی شمولیت کو فروغ ملتا ہے۔ جب زیادہ سے زیادہ لوگ بینک اکاؤنٹ کھولیں گے، اپنا کاروبار کرنے اور اُسے ترقی دینے کے لیے مالیاتی سہولتیں لیں گے، اسٹاک مارکیٹ و دیگر مالیاتی اداروں میں سرمایہ کاری کریں گے تو نہ صرف ملازمت کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ملک کی اقتصادی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

پیسوں کا موثر استعمال مالیاتی خواندگی کہلاتا ہے، جس میں ذاتی مالیات، بچت، بجٹ سازی اور سرمایہ کاری وغیرہ شامل ہے۔ فنانشل لٹریسی کو سمجھنے اور اپنانے سے معاشی خودمختاری اور مالی خوشحالی آتی ہے، جو نہ صرف فرد بلکہ ملکی معیشت کے لیے اہم ہے۔ مالیاتی خواندگی سے بجٹ بنانے، بچت کرنے، غیرضروری اخراجات کنٹرول کرنے، مالی خطرات سے آگاہی اور اس سے بچنے، مستقبل کی منصوبہ بندی، جیسے ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی، بچوں کی تعلیم و دیگر مالی اہداف حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ بچت کے ذریعے اچانک درپیش اخراجات اور معاشی بحرانوں سے نمٹا جاسکتا ہے جب کہ بجٹ بنانے والے کو معلوم ہوتا ہے کہ اس کے پاس کتنی رقم ہے اور اُسے کہاں کہاں خرچ کرنا ہے۔ ایک متوازن بجٹ بنانا مالی استحکام کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) مالیاتی خواندگی کے لیے پُرعزم ہے اور نیشنل فنانشل لٹریسی پروگرام (NFLP) کے ذریعے ملک میں مالیاتی خواندگی کو فروغ دے رہا ہے۔ ایس بی پی محفوظ بینکاری خدمات تک رسائی، بچت کی ترغیب اور درست مالیاتی فیصلوں کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ایک سروے کے مطابق پاکستان میں بالغ افراد کی مالیاتی خواندگی کی شرح 23 فیصد سے بھی کم ہے، جو درست مالیاتی فیصلے کرنے اور مالی اہداف کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے۔ فنانشل لٹریسی بالغوں کے لیے ہی نہیں بلکہ بچوں اور نوجوانوں کے لیے بھی اہم ہے۔ مالیاتی تعلیم ابتدائی عمر سے ہی بچت، سرمایہ کاری اور بجٹ کی اہمیت اجاگر کرتی ہے۔ فنانشل لٹریسی خاص طور پر کمزور طبقوں کے لیے مالیاتی شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ کم آمدن والے افراد مالیاتی طور پر خواندہ ہوکر اپنے محدود وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاتے ہیں، جس سے ان کی مالی حالت میں نمایاں بہتری آتی ہے۔ فنانشل لٹریسی انہیں مالی فراڈ کی شناخت اور ان سے بچنے، سستے و قابل استعداد مصنوعات کا انتخاب کرنے اور بجٹ بنانے میں مدد دیتی ہے۔ ریٹائرڈ افراد بچت اور آمدن کے مطابق اخراجات کرتے ہیں، جس سے انہیں مالی تحفظ حاصل ہوتا ہے جبکہ چھوٹے کاروباری افراد کیش فلو، نفع و نقصان اور اپنے کاروباری معاملات کو سمجھ کر اسے مزید ترقی دیتے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد کا کہنا ہے کہ مالی خدمات تک رسائی لوگوں کا بنیادی حق ہے۔ ہر شہری کو معیشت میں شرکت کے لیے درکار معلومات اور ٹولز کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ہمارا مشن ہے۔ پاکستان میں ایک بڑی تعداد بینکاری خدمات سے محروم ہیں۔ فنانشل لٹریسی کے ذریعے ایس بی پی بینکاری کو فروغ دے رہا ہے۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کے تعاون سے نئی نسل اور خواتین کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے، کیوں کہ ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے خواتین کی شمولیت بہت ضروری ہے۔ ہماری اولین ترجیح ہے کہ لوگ اسمارٹ فونز کے ذریعے فنانشل ٹرانسیکشن کریں۔ راست، آسان ڈیجیٹل اکاؤنٹ، آسان موبائل اکاؤنٹ اور قرضوں تک رسائی کے لیے ڈیجیٹل بینک،اسپیشلائزڈ اسکیمیں اور دیگر سروسز اسی کا تسلسل ہیں۔

ملک کے دیگر بینکوں کی طرح فیصل بینک بھی اسٹیٹ بینک کے وژن کے مطابق مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے اور سود سے پاک اسلامی بینکاری کے لیے پُرعزم ہے۔ تعلیم کا فروغ ایف بی ایل کے اسلامی اقدار کے عین مطابق ہے۔ پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2024 کے دوران فیصل بینک نے پاکستان کے پانچ اضلاع ایبٹ آباد، بہاولنگر، میرپور، اوکاڑہ اور گلگت میں تعلیمی سیشن کا انعقاد کیا، جس میں کم مراعات یافتہ اسکولوں کے بچوں کو بچت کرنا سکھایا گیا اور مالیاتی اداروں کے ڈیجیٹل مستقبل کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ مالی سال 2024ء میں فیصل بینک نے ایبٹ آباد، بہاولپور، بہاولنگر، چنیوٹ، بھمبر، ڈیرہ غازی خان، گلگت، قصور، میرپور، مظفر آباد، نارووال، اوکاڑہ، پاکپتن، کوئٹہ اور سیالکوٹ میں 3000 سے زائد افراد تک بہتر معاشی منصوبہ بندی کے لیے مالی خواندگی کا پیغام پہنچایا۔ ایف بی ایل کی ٹیموں نے اسلامی وژن اور اقدار کے مطابق مختلف پس منظر اور طرز زندگی رکھنے والے افراد کو بہتر پیداوار، مالیاتی استحکام اور ملکی مالی خوشحالی میں کردار ادا کرنے پر آمادہ کیا۔

فنانشل لٹریسی نہ صرف انفرادی مالی استحکام بلکہ ملکی معیشت کی پائیدارترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کی مدد سے مالیاتی بحرانوں کی پیش بندی کرکے مستحکم اور خوشحال زندگی گزاری جاسکتی ہے۔ مختصراً مالیاتی خواندگی پاکستان میں مالیاتی شمولیت کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے فروغ سے مستحکم اور خوشحال معاشرہ تشکیل دینے میں مدد ملے گی۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.