خیبرپختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے بگن میں امدادی سامان پاراچنار لے جانے والے گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کردی گئی۔
ہنگو کے اسسٹنٹ کمشنر سعید منان نے ٹل سے پاراچنار امدادی سامان لے جانے والی 35 گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر حملے کی تصدیق کی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہے۔
کرم سے سابق وفاقی وزیر ساجد طوری نے بتایا کہ جاری حملے میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔
پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے امن معاہدے کے بعد ضلع کرم میں مورچوں کی مسماری کا عمل شروع کے حوالے سے بتایا تھا۔
اس کے بعد منگل کے روز امدادی سامان پر مشتمل 25 گاڑیوں کے قافلے کے کرم پہنچے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کرم میں صورتحال معمول پر آرہی ہے۔
واضح رہے کہ 2024 کے آخری مہینوں میں کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں مسافر بس پر فائرنگ سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد کرم ایجنسی کے مختلف علاقوں میں مسلح قبائلی تصادم اور فائرنگ کے نتیجے میں مزید درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
متحارب فریقین کی جانب سے راستوں کی بندش اور احتجاج کی وجہ سے کرم ایجنسی میں کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی تھی، جس کے بعد وفاقی کابینہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہنگامی طور پر امدادی سامان پاراچنار بھیجا گیا تھا۔