یروشلم: اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرتا تو حکومت گرا دیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر خزانہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر قبضہ کر کے ایک عارضی فوجی حکومت بنائے۔ اور حماس کو شکست دینے کا اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔
اپنی ہی حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرتا تو حکومت گرا دیں گے۔ جنگ بندی معاہدہ سنگین غلطی اور حماس سے ہار مان لینے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حماس نے رہا یرغمالیوں کی فہرست نہ دی تو جنگ بندی نہیں ہوگی، اسرائیلی وزیراعظم
اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا کہ جنگ بندی ہوئی تو حکومت گرا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ اور حماس نے قیدیوں کی فہرست اسرائیل کو فراہم کر دی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام کی جانب سے قیدیوں کی فہرست موصول ہونے کی تصدیق کر دی گئی۔
حماس کے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کے پہلے دن تین قیدی رہا ہوں گے۔ تکنیکی پیچیدگیوں اور مسلسل اسرائیلی بمباری کے باعث فہرست کی فراہمی میں تاخیر ہوئی۔ اور یہ بمباری جنگ بندی معاہدے میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معاہدے کے تحت غزہ کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے یرغمالیوں کا تبادلہ ہو گا۔ اسرائیل 95 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا۔