اہم نکات:
جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر لاپتا افراد کمیشن کے نئے سربراہ مقرر
سپریم کورٹ میں بینچز کے اختیار کا کیس، خواجہ حارث اور احسن بھون عدالتی معاون مقرر
اربوں روپے کا نقصان انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال سے: ممبر قائمہ کمیٹی
بلوچستان میں ڈاکٹرز نے حکومت سے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم: ترجمان
سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ اور فسکل اکاؤنٹ خسارہ، وزیر خزانہ
پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر سکیورٹی فورسز نے غیرملکی اسلحے کی بڑی کھیپ پاکستان میں سمگل کرنے کی کوشش ناکام کر دی ہے۔بدھ کو سرکاری ذرائع نے کہا کہ ’سکیورٹی فورسز نے 8 جنوری کو پاکستان افغانستان سرحد سے متصل غلام خان بارڈر ٹرمینل پر اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا تھا۔ ٹرک سے جدید ساخت کا غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کر لیے گئے۔‘ذرائع کا کہنا ہے کہ ’برآمد کیا گیا اسلحہ ٹرک میں ڈرائیور کیبن میں خفیہ مقام پر چھپایا گیا تھا۔ کمپارٹمنٹس بنانے اور سامان کی پیکنگ افغانستان میں ہوئی۔ یہ برآمد شدہ ہتھیار اور گولہ بارود پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال کیے جانے والے تھے۔‘مزید کہا گیا کہ ’غیر ملکی اسلحہ کا بے دریغ استعمال اس بات کا ثبوت ہے کے افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں مسلسل استعمال ہو رہی ہے۔‘جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر لاپتا افراد کمیشن کے نئے سربراہ مقررسپریم کورٹ میں لاپتا افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکومت نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کو لاپتا افراد کمیشن کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔بدھ کو سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی جگہ نیا سربراہ تعینات کر دیا ہے اور حکومت لاپتا افراد کے معاملے کے حل کے لیے قانون سازی کے ذریعے ایک خصوصی ٹربیونل قائم کرنا چاہتی ہے۔اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ لاپتا افراد کے ٹربیونل کے قیام کے لیے قانون سازی ضروری ہوگی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کابینہ کی کمیٹی اس سلسلے میں کام کر رہی ہے۔
سپریم کورٹ میں بینچز کے اختیار کا کیس، خواجہ حارث اور احسن بھون عدالتی معاون مقرر
بینچز کے اختیار اور ایڈیشنل رجسٹرار کے خلاف توہین عدالت کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی جس کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے خواجہ حارث اور احسن بھون کو عدالتی معاون مقرر کیا ہے۔بدھ کو ہونے والی سماعت میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عہدے سے ہٹائے جانے والے ایڈیشنل رجسٹرار نذر عباس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایڈیشنل رجسٹرار کو تحریری جواب دینے کی ہدایت کر دی۔جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ ’کیا ریگولر بینچ سن رہا تھا، کیا کمیٹی اسے شفٹ کر سکتی ہے، یہ کیس آرٹیکل 191 اے کا ہے کچھ کیسز ٹیکس سے متعلق بھی تھے۔‘ان کے مطابق ’رجسٹرار نے ایڈیشنل رجسٹرار کے دفاع میں کہا کہ یہ سب دو ججز کمیٹی کے فیصلے سے ہوا۔‘انہوں نے ایڈیشنل رجسٹرار سے پوچھا کہ ’آپ نے کیس کو کیوں ہٹایا کاز لسٹ سے، آپ اپنا تحریری جواب جمع کروا دیں۔‘بینچز کے اختیار کے کیس میں اٹارنی جنرل نے عدالتی معاونین مقرر کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جو عدالتی معاونین مقرر کیے گئے وہ 26ویں ترمیم کے خلاف درخواست گزاروں کے وکلا ہیں جس پر عدالت نے خواجہ حارث اور احسن بھون کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔اربوں روپے کا نقصان انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال سے ہو رہا ہے: ممبر قائمہ کمیٹیقومی اسمبلی قائمہ کمیٹی آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں ممبر کمیٹی شیر ارباب نے کہا کہ ملک کو اربوں روپے کا نقصان انٹرنیٹ کی سست روی اور فائر وال سے ہو رہا ہے۔بدھ کو امین الحق کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس ہوا جس میں حکومت کا مجوزہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 کا ایجنڈا زیرِ غور آیا۔اس دوران شیر ارباب نے کہا کہ ’اسلام آباد میں آپ پہلے انٹرنیٹ کی سپیڈ کو چیک کریں، ایک طرف ڈیجیٹل کی باتیں کر رہے ہیں، دوسری طرف انٹرنیٹ کا حال چیک کریں۔‘وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے کہا کہ بل میں کچھ ترامیم لائی گئی ہیں، ترمیم شدہ بل تمام ارکان کو فراہم کردیا گیا ہے۔کمیٹی ممبر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ’شارک مچھلیوں نے کاٹ کاٹ کر انٹرنیٹ کیبل کا ستیاناس کردیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کا جب جلسہ ہوتا ہے تو انٹرنیٹ کی اسپیڈ سست کردی جاتی ہے، تحریک انصاف اس ڈیجیٹل نیشن بل کی مخالفت کرتی ہے۔‘بلوچستان میں ڈاکٹرز نے حکومت سے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم کر دی: ترجمانترجمان حکومت بلوچستان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز نے حکومت سے معاملات طے پا جانے کے بعد ہڑتال ختم کر دی ہے۔بدھ کو ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان حکومت، ڈاکٹرز، محکمہ صحت اور ہڑتالی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور تمام کیٹیگریز کے ہڑتالی ملازمین کے مابین معاملات خوش اسلوبی سے طے پا گئے ہیں۔ان کے مطابق طبی خدمات کی بحالی اور ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔’یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مستقبل میں ہر طرح کی ہڑتال و احتجاج سے اجتناب کیا جائے گا، محکمہ صحت کے ملازمین کے جائز مطالبات کے لیے ایک مربوط طریقہ کار کے تحت کام کیا جائے۔‘پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ اور فسکل اکاؤنٹ خسارہ ہے، وزیر خزانہوزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاؤنٹ اور فسکل اکاؤنٹ کا جڑواں خسارہ ہے، اور فسکل خسارے کی سب سے بڑی وجہ 9 سے 10 فیصد غیر پائیدار ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح ہے۔بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ترقی پذیر معیشتوں پر عالمی قرضوں کے بڑھتے بوجھ کے موضوع پر اعلیٰ سطحی مذاکرے سے بطور پینلسٹ خطاب کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے باعث ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو 13 فیصد تک لے جانے کی کوشش جاری ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح بڑھائے بنا قوموں کا برادری میں باعزت مقام کا حصول نا ممکن ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’پاکستان میں قرض ٹو جی ڈی پی شرح 78 فیصد سے کم ہو کر 67 فیصد پر آ گئی ہے۔‘