لائیو: جوڈیشل کمیشن نہ بننے پر عمران خان نے مذاکرات روک دینے کا کہہ دیا، بیرسٹر گوہر

image
اہم نکات

وزیرِداخلہ محسن نقوی کی امریکی ارکان کانگریس سے ملاقات

لاہور میں 27 الیکٹرک بسوں کا افتتاح فروری میں

بلوچستان میں سرکاری ملازمین کا گرینڈ الائنس

ووٹرز کی مجموعی تعداد 13 کروڑ سے متجاوز

 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ’عمران خان نے مذاکرات کال آف کرنے کا کہہ دیا ہے۔‘

بیرسٹر گوہر نے جمعرات کو اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کا اعلان نہ کرنے پر مذاکرات کال آف کا کہا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی ائی کی مذاکرات کی خواہش تھی۔ حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات روک دیے۔‘

’تین ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کیے جا سکتے ہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔‘

سوشل میڈیا پر فائر وال لگانے کے باوجود حکومت کا دل نہیں بھر رہا: زرتاج گل

 

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی زرتاج گل وزیر نے الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’حکومت اپنے کرتوت چھپانے کے لیے سوشل میڈیا پر پابندی لگانا چاہتی ہے۔‘

زرتاج گل نے جمعرات کو قومی اسمبلی کی  قائمہ کمیٹی برائے داخہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پہلے فائر وال لگائی گئی، اس کے باوجود آپ کا دل نہیں بھرا۔ آپ نے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کے لیے ہر جتن کر لیا۔‘

مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ’اس بل کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ اس پر ووٹنگ کروا لی جائے۔‘

رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا کہ ’آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔‘

اس دوران پی ٹی آئی اور ن لیگ کے اراکین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

پاکستان کے ڈیفالٹ کا خواہشمند ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کرتا ہے: وزیراعظم

 

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے۔ تعمیری تنقید کا حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔‘

وزیراعظم ہاؤس سے جمعرات کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ ’پاکستان کے ڈیفالٹ کے خواب دیکھنے والا ملک دشمن مخصوص ٹولہ بار بار اسلام آباد پر چڑھائی کی کوشش کرتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ایسے عناصر کو پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔‘

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک سے ویٹی کن سٹی کے سفیر سے ملاقات

پاکستان کے وفاقی وزیرِ برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے ملاقات کی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے بیان کے مطابق ملاقات میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان، دہشت گردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقعے پر وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے کہا کہ ’مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پوپ فرانسس نے جرأت مندانہ موقف اختیار کیا جسے ہر ایک نے سراہا۔‘

ویٹی کن سٹی کے سفیر آرچ بشپ گرمانو پینموٹ نے کہا کہ ’کیتھولک چرچ کے زیرانتظام پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں اہم منصوبے جاری ہیں۔‘

پی آئی اے کے دو ملازم موبائل فون سمگل کرنے پر نوکری سے برخاست

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے موبائل فون سمگل کرنے پر اپنے دو ملازمین کو ملازمت سے برخاست کر دیا ہے۔

پی آئی آے کے ترجمان کے جانب سے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ ’دونوں ملازمین غیرقانونی طور پر موبائل فون سمگل کرنے میں ملوث پائے گئے تھے۔‘

ترجمان نے مزید کہا کہ ’انتظامیہ نے قواعد و ضوابط کے تحت انکوائری کے بعد مذکورہ دونوں ملازمین کو ملازمت سے برخاست کیا۔‘

’پی ائی اے اپنے اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتے گا۔‘

اگلے دو روز تک بیشتر علاقوں کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان: محکمہ موسمیات

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے جمعرات  اور جمعے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک رہا تاہم شمالی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔

ڈیجٹیل نیشن بل شہری آزادیوں کے لیے خطرہ ہے: عمر ایوب کا چیئرمین قائمہ کمیٹی کے نام خط

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے چئیرمین قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو خط لکھ دیا ہے۔

عمر ایوب نے خط میں کہا کہ ’ڈیجیٹل نیشن بل پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے خلاف ہے، یہ بل آزاد شہریوں کے لیے خطرہ اور آزادی صحافت بڑی قدغن ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’آئی ٹی سے متعلق محکموں میں زیادہ تر غیرسویلین افراد کو بھرتی کیا گیا۔ غیرسویلین افراد کی حساس عہدوں پر تعیناتی پرائیویسی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔‘

پاکستان کے مجموعی 13 کروڑ ووٹرز میں خواتین کا تناسب 46 فیصد: الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک کے رجسٹرڈ ووٹرز سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 515 ووٹرز ہیں۔

اسلام آباد میں ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 70 ہزار 744، بلوچستان میں 55 لاکھ 37 ہزار 699، خیبر پختونخوا میں 2 کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 361 ، پنجاب میں 7 کروڑ 55 لاکھ 45 ہزار 995 اور سندھ میں 2 کروڑ 78 لاکھ 24 ہزار 706 ہے۔

الیکشن کمیشن کے نئے اعداد و شمار میں خواتین ووٹرز کا مجموعی تناسب 46.28 جبکہ مرد ووٹرز کا تناسب 53.72 فیصد ہے۔

محسن نقوی کی امریکی ارکان کانگریس سے ملاقاتیں، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال

 

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے امریکی کانگریس مین جو ولسن اور مین روب بریسنہان سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔

وزارت داخلہ نے جمعرات کو اپنے بیان میں بتایا کہ ’ان ملاقاتوں میں ’پاکستان امریکہ تعلقات کے فروغ اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام خصوصاً افغانستان کی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔‘

بیان کے مطابق ’محسن نقوی نے اس موقعے پر کانگریس مین جو ولسن اور کانگریس مین روب بریسنہان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔‘

محسن نقوی نے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کا انتہائی اہم سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خطاب یقیناً عالمی امن اور تنازعات کے حل میں انتہائی حوصلہ افزا ہے، اب پاک امریکہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔‘

لاہور میں فروری کو دوسرے ہفتے میں 27 الیکٹرک بسیں چلا دی جائیں گی: وزیر ٹرانسپورٹ

پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ ’ 27 الیکٹرک بسیں لاہور کی سڑکوں  پر فروری کے دوسرے ہفتے تک چلا دی جائیں گی۔‘

وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقعے پر کہا کہ ’چین سے الیکٹرک بسیں لاہور پہنچنے پر پنجاب میں ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’الیکٹرک بسوں کی وجہ سے سموگ کے تدارک میں بھی مدد ملے گی۔‘

بلوچستان: سرکاری ملازمین کا پنشن اصلاحات اور نجکاری کے خلاف گرینڈ الائنس قائم

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں سرکاری ملازمین کی 40 سے زائد تنظیموں نے مشترکہ جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان گرینڈ الائنس کے نام سے بلوچستان کے ملازمین کا سب سے بڑا اتحاد قائم کر لیا ہے۔

بلوچستان گرینڈ الائنس نامی اس اتحاد کے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’یہ الائنس ناروا پنشن اصلاحات، نجکاری اور صوبائی حکومت کی جانب سے ملازمین تنظیموں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرے گا۔‘

بیان کے مطابق ’الائنس کے زیراہتمام تمام اضلاع میں ضلعی ایکشن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو مرکزی کال پر اضلاع میں عمل درآمد کرائیں گی۔‘

یہ فیصلے بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کی میزبانی میں ایجوکیشن ڈائریکٹوریٹ میں منعقدہ گرینڈ اجلاس میں کیے گئے۔

لاہور: صبح کام پر جاتے شہریوں کو لوٹنے والا ’سالا بہنوئی گینگ‘ گرفتار

لاہور کی پولیس نے ایک دو رکنی گینگ کو گرفتار کیا ہے، جن پر الزام ہے وہ صبح دفاتر یا کاروبار کے لیے جانے والے شہریوں کو لوٹ لیتے تھے۔

لاہور پولیس کے مطابق یہ دونوں ملزمان داؤد اور سنی مسیح سالا اور بہنوئی ہیں جنہیں گلبرگ تھانے کے اہلکاروں نے خفیہ  اطلاع پر فردوس مارکیٹ سے گرفتار کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان صبح 4 سے 8 بجے کے درمیان وارداتیں کرتے تھے۔ چار ماہ قبل ملزمان نے گارڈن ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکان دار کو فائرنگ سے زخمی بھی کیا تھا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.