پاکستانی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے دورہ امریکہ کے دوران چین کے خلاف کسی تقریب میں شرکت نہیں کی۔سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق امریکہ میں گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مخالفین اس حوالے سے زہریلا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، نوجوانوں کی تقریب میں شرکت کی تھی، اس کو پروپیگنڈہ کرکے غلط رنگ دیا گیا۔
’ایسے پروپگینڈہ سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں کسی بھی اینٹی چائنہ فنکشن میں شامل نہیں ہوا۔‘
’میرے دورے کا مقصد امریکہ کے سیاستدانوں سے مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک مؤثر پلان بنانا ہے۔‘انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی صرف پاکستان کی لڑائی نہیں یہ سب کی مشترکہ لڑائی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو بھی ہتھیار اٹھائے گا اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکہ کے ایوانِ نمائندگان کو پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے۔’سیاست کریں لیکن اس حد تک نہ جائیں کہ پاکستان کا نقصان ہو۔‘انہوں نے کہا کہ کانگریس اراکین کے ساتھ ملاقاتیں بہت مثبت رہی ہیں۔