غیرسرکاری تنظیم فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے پاکستان کے سال 2024 کے عام انتخابات میں خواتین ووٹرز کے رجحانات سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے۔فافن کی رپورٹ کے نتائج کے مطابق الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خواتین ووٹرز کی حمایت لینے میں پہلے نمبر پر رہی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین ووٹرز کی حمایت لینے میں مسلم لیگ ن کا دوسرا جبکہ پیپلز پارٹی کا تیسرا نمبر پر رہا۔فافن کے جائزے میں 21 ہزار 188 کمیونیٹز کو شامل کیا گیا اور یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ عام انتخابات میں 18 فیصد کمیونیٹیز میں خواتین کا ووٹ مردوں سے مختلف رہا۔ان میں سے 18 فیصد کمیونٹیز میں مردوں اور خواتین کا انتخاب مختلف رہا۔ مرد اور خواتین ووٹرز نے اپنے اپنے پولنگ سٹیشنز سے مختلف امیدواروں کو کامیاب کرایا۔دیہی علاقوں کے مقابلے میں شہری علاقوں کی کمیونٹیز میں مردوں اور خواتین کے انتخاب میں زیادہ اختلاف نظر آیا۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سب سے زیادہ 37 فیصد کمیونٹیز ایسی تھیں جہاں مردوں اور خواتین کے پولنگ سٹیشنز کے نتائج مختلف تھے۔بلوچستان دوسرے نمبر پر رہا جہاں 32 فیصد کمیونیٹرز میں مختلف نتائج آئے۔ سندھ میں 19، پنجاب میں 18 جبکہ خیبر پختونخوا میں سب سے کم 13 فیصد ایسی کمیونٹیز تھیں جہاں مردوں اور خواتین نے الگ الگ امیدواروں کو جتوایا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ تین ہزار 883 کمیونٹیز میں خواتین کے ووٹ کے رجحان سے مردوں کے انتخاب سے مختلف نتائج سامنے آئے۔ ’ان کمیونٹیز میں پاکستان تحریک انصاف نے خواتین ووٹرز کی زیادہ حمایت حاصل کی۔ پی ٹی آئی کی حمایت کرنے والی ان کمیونیٹیز کی تعداد 1260 رہی ۔ مسلم لیگ ن 1027 کمیونٹیز میں اور پیپلز پارٹی 694 کمیونٹیز میں خواتین ووٹرز کی پسند رہی۔‘
تین ہزار 883 کمیونٹیز میں خواتین کے ووٹ کے رجحان سے مردوں کے انتخاب سے مختلف نتائج سامنے آئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
قومی اسمبلی کے 37 حلقوں میں خواتین کے پولنگ سٹیشنز میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار جیت نہیں سکے۔ 226 حلقوں میں خواتین کے پولنگ سٹیشنز میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے امیدوار کامیاب رہے۔ ان میں 166 حلقے ایسے تھے جہاں مردوں کے مقابلے میں خواتین کے پولنگ سٹیشنز کے ووٹرز نے زیادہ تعداد میں کامیاب امیدوار کو ووٹ دیا۔
فافن رپورٹ کے مطابق سات حلقوں NA-43، NA-49 ، NA-55، NA-87، NA-94، NA-128اور NA-163 میں خواتین کے پولنگ سٹیشنز کی برتری نے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔این اے 43 ٹانک میں پی ٹی آئی نے جمعیت علمائے اسلام ف کو 555 ووٹوں کے معمولی فرق سے شکست دی۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کو خواتین کے پولنگ سٹیشنز سے 1430 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی، جس نے مجموعی نتائج پر فیصلہ کن اثر ڈالا۔