پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون کا اس کے گھر کے سامنے دھرنا

image

جب اپنانا نہیں تھا تو مجھے پاکستان کیوں بلایا؟ پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آنے والی امریکی خاتون، گارڈن میں واقع لڑکے کے گھر پہنچ گئی۔

خاتون کے گھر پہنچنے پر 19 سال کے لڑکے کے گھر والے اپنا گھر بند کرکے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئے۔

33 برس کی امریکی خاتون مبینہ طور پر اپنے پاکستانی محبوب سے ملنے کے لیے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ڈسٹرکٹ ایسٹ گارڈن پہنچ گئیں، خاتون نے لڑکے کے گھر پر نہ ہونے کے بعد رہائشی عمارت کے اپارٹمنٹ میں کرسی لگا کر بیٹھنے کا فیصلہ کرلیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی صحافیوں نے خاتون کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی تو خاتون نے صحافی کو جواب کے دینے کے عوض معاوضہ طلب کرلیا۔

مقامی صحافی کے مطابق خاتون کا کہنا ہے کہ تین ہزار ڈالر ادا کریں تو ہی وہ کسی بھی سوال کا جواب دیں گی یا اس معاملے پر بات چیت کریں گی۔

گارڈن پولیس کے مطابق امریکی خاتون عمارت کی پارکنگ میں بیٹھی ہوئی ہیں جبکہ عمارت کی انتظامیہ نے فلیٹ کے دروازے بند کر دیے ہیں۔

اس سے قبل کراچی کے نوجوان کی محبت میں پاکستان آنے والی امریکی خاتون نے ایئرپورٹ پر اپنے ملک واپس جانے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد فلائٹ اُن کے بغیر ہی روانہ ہو گئی تھی۔

کراچی ایئرپورٹ اتھارٹی کے ایک سینیئر افسر نے اُردو نیوز کو بتایا کہ خاتون نے کراچی ایئرپورٹ پر امریکہ جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے انکار کر دیا اور ایئرپورٹ پر شور شرابا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ خاتون نے پہلے تو امیگریشن کرانے سے انکار کیا اور پھر ڈیپارچر لاؤنج میں جہاز میں سوار ہونے سے انکار کر دیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ’خاتون مسلسل حیلے بہانے کرتی رہیں‘ جس کے بعد ایئرپورٹ پر موجود سکیورٹی نے انہیں حفاظتی تحویل میں لے کر ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچایا۔

سکیورٹی ایس او پیز کے تحت مسافر کو زبردستی جہاز میں سوار نہیں کرایا جا سکتا اسی وجہ سے پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوئی۔

ارمیکی خاتون اونیا رابنسن اور کراچی کے نوجوان کی ملاقات انٹرنیٹ پر ہوئی (فائل فوٹو: پِکساپے)

نیو یارک سے تعلق رکھنے والی خاتون اونیا اینڈریو رابنسن پہلے ہی شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں۔

اونیا رابنسن اور کراچی کے نوجوان کی ملاقات انٹرنیٹ پر ہوئی۔ نوجوان کی باتوں نے اونیا کو اس قدر متاثر کیا کہ وہ پاکستان آنے پر مجبور ہو گئیں۔

اونیا نے 5 اکتوبر 2024 کو پاکستان کے سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دی اور 9 اکتوبر 2024 کو ایک ماہ کا ویزا حاصل کیا۔

خاتون کے کراچی پہنچنے پر نوجوان کے والدین کو بیٹے کی پسند پر حیرت ہوئی کیونکہ وہ اس سے عمر میں دو گنا بڑی اور دو بچوں کی ماں تھیں۔

والدین کو اس تعلق پر اعتراض تھا اور بیٹے سے اس تعلق کو ختم کرنے کا کہا گیا، اس پر نوجوان نے امریکی خاتون سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

انکار کے بعد اونیا دربدر ہو گئیں کیونکہ یہاں ان کا کوئی اور جاننے والا نہیں تھا اور چند روز بعد انہوں نے واپسی کے لیے ایئرپورٹ کا رُخ کیا، تاہم ویزے کی مدت ختم ہونے پر وہیں موجود رہیں۔

یہ معاملہ جب گورنر کامران ٹیسوری کے علم میں آیا تو انہوں نے خاتون کی واپسی کے لیے اقدامات شروع کیے اور ان کے ویزے کی مدت میں نہ صرف اضافہ کیا گیا بلکہ واپسی کے ٹکٹ کے اخراجات بھی برداشت کیے۔

اس اقدام نے خاتون کی مشکلات کم کیں اور ان کی وطن واپسی کا راستہ ہموار ہوا لیکن اب خاتون نے اپنے وطن واپس نہ جانے کا اعلان کردیا ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.