پاکستان میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا ہے۔
جمعے کی رات وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فیکیشن کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔‘
اس طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر نئی قیمت 267 روپے 95 پیسے ہو گئی ہے۔ اس سے قبل یہ فی لیٹر 260 روپے 95 پیسے پر فروخت ہو رہا تھا۔
نوٹی فیکیشن کے مطابق ’پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ فی لیٹر نئی قیمت 257 روپے 13 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔‘
واضح رہے کہ اضافے سے قبل فی لیٹر پیٹرول 256 روپے 13 پیسے کے حساب سے فروخت کیا جا رہا تھا۔
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق جمعے اور سنیچر کی درمیانی رات 12 بجے سے ہوگیا ہے اور یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔
اوگرا کے حکام کا کہنا ہے کہ ’پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔‘