بلوچستان: دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 18 اہلکار جان سے گئے، آئی ایس پی آر

image

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں کے ساتھ لڑائی میں اُس کے 18 اہلکاروں کی جانیں چلی گئی ہیں جبکہ 12 شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔

سنیچر کو راولپنڈی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق گزشتہ رات قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے سڑک کو بلاک کرنے کی کوشش کی تھی جس پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’31 جنوری اور یکم فروری کی درمیان رات بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی۔ دشمن اور دشمن قوتوں کی ایما پر دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کا مقصد بنیادی طور پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پُرامن ماحول کو خراب کرنا تھا۔‘

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پر متحرک کیا گیا جنہوں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو کامیابی کے ساتھ ناکام بنا دیا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔‘

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بیان میں مزید کہا کہ ’تاہم آپریشن کے دوران دھرتی کے 18 بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔‘

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں ’سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں اور اس گھناؤنے اور بزدلانہ فعل کے مرتکب افراد، ان کے سہولت کاروں اور اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘

فوج کے ترجمان کے مطابق ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔‘ 

کوئٹہ سے اردو نیوز کے نامہ نگار زین الدین احمد کے مطابق ضلع قلات میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکیوں اورسرکاری عمارتوں پر حملہ کیا جبکہ ایک نجی بینک کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

مسلح افراد کی جانب سے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بند کر کے گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں جانی نقصان کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

حکام کے مطابق جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کوئٹہ سے تقریباً 110 کلومیٹر دور قلات کی تحصیل منگچر میں درجنوں مسلح افراد نے  قریبی پہاڑوں سے سکیورٹی فورسز کے کیمپ اور چوکیوں پر فائرنگ کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.