ادت نارائن پر فینز کو بوسہ دینے پر تنقید: ’جب میں گا رہا ہوتا ہوں تو لوگوں پر جنون سوار ہو جاتا ہے‘

معروف انڈین گلوکار اُدِت نارائن کا ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ بظاہر ایک لائیو کنسرٹ کے دوران سٹیج کے کنارے آتے ہیں، اپنے مداحوں کے ساتھ سیلفیوں میں شامل ہوتے ہیں اور اسی دوران وہ واقعہ رونما ہوتا ہے جس کے لیے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ادت نارائن
Getty Images
ادت نارائن ایک کنسرٹ میں پرفارم کرتے ہوئے

معروف انڈین گلوکار اُدِت نارائن کا ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ بظاہر ایک لائیو کنسرٹ کے دوران سٹیج کے کنارے آتے ہیں، اپنے مداحوں کے ساتھ سیلفیوں میں شامل ہوتے ہیں اور اسی دوران وہ واقعہ رونما ہوتا ہے جس کے لیے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اگرچہ 69 سالہ ادت نارائن نے اس کے متعلق اپنی وضاحت پیش کی ہے لیکن سوشل میڈیا پر لوگ ان کی اس طرح کی مزید تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔

یہ وائرل ویڈیو کب کا ہے اور کس کنسرٹ کا ہے اس کی وضاحت نہیں ہو سکی ہے لیکن گذشتہ دنوں سے وائرل ہے۔ بالی وڈ ٹاکیز کے ایکس ہینڈل پر پوسٹ کی گئی اس کلپ کو اب تک تقریبا 40 لاکھ ویوز مل چکے ہیں۔

اس میں فلم مہرہ کا معروف گیت ’ٹپ ٹپ برسا پانی‘ سنائی دے رہا ہوتا ہے۔ ادت نارائن گاتے ہوئے سٹیج کے کنارے آتے ہیں اور پہلے اپنی خاتون مداحوں کے گال پر بوسہ دیتے نظر آتے ہیں لیکن پھر ایک خاتون پرستار جب ان کے گال پر بوسہ دیتی ہے تو وہ جواباً ان کے ہونٹوں پر بوسہ دیتے ہیں۔

یہ ویڈیو کلب گلوکار پر تنقید کا باعث بنا ہے اور بعض صارفین نے ان کے رویے کو نامناسب قرار دیا ہے۔

ادت نارائن
Getty Images
ادت نارائن

ادت نارائن کا ردعمل: ’ہم شائستہ لوگ ہیں‘

سوشل میڈیا پر لوگ انھیں اس کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اور بعض صارفین نے تو ان کی پرانی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں جس میں وہ اپنی ساتھی گلوکارہ کو بھی بوسہ دیتے ہیں۔

بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ انھیں یقین ہی نہیں آ رہا ہے کہ کیا ایسا واقعی ہوا ہے۔

یہ گیت فلم میں اکشے کمار اور روینہ ٹنڈن پر فلمایا گيا تھا۔ بعض صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ اس گانے کے دوران روینہ ٹنڈن کے بے پناہ جذبات کے سامنے بھی اکشے کمار نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ادت نارائن کو اس سے سیکھنا چاہیے۔

مگر بعض صارفین نے ادت نارائن کے دفاع میں کہا کہ پہلے خواتین فینز نے انھیں بوسہ دیا تھا۔

کچھ لوگ اس حوالے سے پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے ایک شو کی کلپ شیئر کر رہے ہیں جس میں وہ ایک خاتون کو یہ کہتے ہوئے بچاتے ہیں کہ ان میں ’ہماری مائیں بہنیں ہو سکتی ہیں۔‘

دوسری طرف معروف انڈین روزنامہ دی ہندوستان ٹائمز کی خصوصی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انھوں نے اس حوالے سے گلوکار ادت نارائن سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ 'فینز اتنے دیوانے ہوتے ہیں ناں، ہم لوگ ایسے نہیں ہیں، ہم ڈیسینٹ (شائستہ) لوگ ہیں۔'

انھوں نے مزید کہا کہ 'کچھ لوگ اس طرح کی چیز کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اپنے پیار کے اظہار کے لیے۔ اب اڑا کے کیا کرنا ہے ایسی چیز کو۔'

انھوں نے کہا کہ 'وہاں (کنسرٹ میں) بھیڑ میں بہت سارے لوگ ہوتے ہیں۔ ہمارے محافظ بھی ہوتے ہیں۔ لیکن فینز سمجھتے ہیں کہ انھیں موقع مل رہا تو کوئی ہاتھ ملاتا ہے کوئی ہاتھوں پر بوسہ دیتا ہے۔۔۔ یہ سب دیوانگی ہوتی ہے۔ اس پر اتنا دھیان نہیں دینا چاہیے۔'

عامر خان کے ساتھ ادت نارائن
Getty Images
عامر خان کے ساتھ ادت نارائن

انھوں نے مزید کہا کہ یہ وائرل ویڈیو ان کے خاندان کی امیج کو داغدار کرنے کے لیے ہو سکتا ہے۔ ’میری فیملی ایسی ہے۔ چپ چپ رہتے ہیں کسی تنازع میں نہیں آتے ہیں۔ جب میں سٹیج پر گا رہا ہوتا ہوں تو لوگوں پر جنون سوار ہو جاتا ہے۔ فینز مجھ سے پیار کرتے ہیں تو میں سوچتا ہوں کہ ان کو خوش کر دوں۔ نہیں تو ہم لوگ اس طرح کے نہیں ہیں، ہمیں بھی انھیں خوش کرنا ہوتا ہے۔‘

اس خاتون کے ہونٹوں پر بوسے کے متعلق ادت نارائن نے کہا: ’یہ ایک بے ساختہ لمحہ تھا۔ مجھے بالی وڈ میں آئے ہوئے 46 سال ہوچکے ہیں، میری امیج ایسی نہیں رہی ہے (کہ میں مداحوں کو زبردستی بوسہ دوں) درحقیقت، جب میں اپنے مداحوں کی خود پر محبت کی بارش دیکھتا ہوں تو میں ہاتھ جوڑ لیتا ہوں، سٹیج پر ہوتے ہوئے میں (یہ سوچ کر ) جھک جاتا ہوں کہ پھر آج کا یہ وقت لوٹ کے آئے نا آئے۔‘

’پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا‘ گیت سے شہرت

ادت نارائن نے سنہ 1980 میں لیجنڈ گلوکار محمد رفیع کے ساتھ ایک گیت 'مل گیا مل گيا' سے اپنے کريئر کا آغاز کیا تھا۔

لیکن عامر خان کی بلاک بسٹر فلم 'قیامت سے قیامت تک' کے گيت 'پاپا کہتے ہیں بڑا نام کرے گا' سے وہ شہرت اور مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچے اور پہلی بار انھیں اسی گیت کے لیے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

انھیں اب تک پانچ بار بہترین گلوکار کا فلم فیئر ایوارڈ مل چکا ہے جبکہ چار بار نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ انھیں انڈیا کا تیسرا اور چوتھا سب سے بڑا شہری اعزاز پدم بھوشن اور پدم شری مل چکا ہے۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
سائنس اور ٹیکنالوجی
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.