بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا سنانے والے جج کو اہم عہدہ مل گیا۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ تعینات ہوگئے، ناصر جاوید نے بطور جج احتساب عدالت 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ عامر فاروق کی منظوری کے بعد رجسٹرار نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اس سے قبل جسٹس اعظم خان ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج تعینات تھے، جسٹس اعظم کی ہائیکورٹ تعیناتی کے بعد ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے پاس سیشن جج کا عہدہ تھا۔
واضح رہے کہ 27 جنوری کو عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈریفرنس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں کےخلاف اپیلیں خالد یوسف چوہدری کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکی گئی تھیں۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب نے بدنیتی سے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور نامکمل تفتیش کی بنیاد پر جلد بازی میں سزا سنائی گئی۔
اپیل میں کہا گیا تھا کہ این سی اے سے معاہدے کا متن حاصل نہ کرنا تفتیشی ایجنسی کی ہچکچاہٹ کو واضح کرتا ہے، این سی اے حکام کو شامل تفتیش بھی نہیں کیا گیا اور استغاثہ مکمل شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی۔
اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے سزا کالعدم قرار دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہائیکورٹ احتساب عدالت کا 17 جنوری کا فیصلہ کالعدم قراردے اور دونوں کو بری کیا جائے۔