لائیو: کرپشن پرسیپشن انڈیکس پر پاکستان کا 135ویں نمبر، رپورٹ جاری

image

اہم نکات:

لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی رپورٹ طلب

اسلام آباد میں وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہونے کے بعد افتتاحی تقریب آج

ایف آئی اے پشاور کی پروٹیکٹر مافیا کے خلاف کارروائی میں سرکاری اہلکار گرفتار

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان کرپشن انڈیکس پر 2 درجے کی تنزلی کے بعد 29 سے 27ویں نمبر پر آ گیا ہے جبکہ رینکنگ کے اعتبار سے 180 ممالک میں سے 135ویں نمبر پر ہے۔

بدعنوانی پر نظر رکھنے والی عالمی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق سال 2023 میں پاکستان کرپشن انڈیکس پر 29ویں نمبر پر تھا جو سال 2024 میں دو درجے کی تنزلی کے بعد 27 ہو گیا ہے۔

اسی طرح سے سال 2023 میں 180 ممالک میں سے پاکستان بدعنوانی کے اعتبار سے 133ویں نمبر پر تھا جبکہ 2024 میں پاکستان کا 135واں نمبر ہے۔

ایف آئی اے نے لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے نے کہا ہے کہ لیبیا کشتی حادثے میں 7 پاکستانیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

منگل کو ایف آئی اے نے جاری بیان میں کہا ہے کہ کشتی میں پاکستانیوں سمیت 65 تارکینِ وطن سوار تھے جب کشتی الٹنے کا حادثہ پیش آیا۔

ایف آئی اے نے مزید کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق 16 پاکستانی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فی الحال 7 کی تصدیق ہو سکی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں سے 6 کا تعلق ضلع کرم اور 1 کا باجوڑ سے ہے۔

ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت ان کے پاسپورٹ سے کی گئی ہے۔

سفارت خانے کے مطابق اب تک کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے 10 افراد کی لاشیں سمندر سے نکالی جا سکی ہیں۔

لیبیا کشتی حادثہ، وزیراعظم کی ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے لیبیا کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی الٹنے کے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 

منگل کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کے حکام کو ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا کہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور کسی بھی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

لیبیا کے علاقے مرسا ڈیلا کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی تھی جس میں 65 افراد سوار تھے۔ حادثے میں پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات

 وزیراعظم شہباز شریف نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے تجارت اور لاجسٹک انفراسٹرکچر کو بڑھانے میں کمپنی کے کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے ڈی پی ورلڈ کے ساتھ دستخط کیے گئے بین الحکومتی معاہدوں (IGAs) کے تحت منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں و تعاون سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

بیان کے مطابق ڈی پی ورلڈ گروپ کے چیئرمین نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے اور تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پی ٹی اے اور ایف آئی اے کی غیر ملکی سم فروخت کرنے والوں کے خلاف مشترکہ کارروائی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی موبائل سم فروخت کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کیا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایبٹ آباد، سکردو، پشاور، لاہور اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے گئے ہیں اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ غیرملکی سم کارڈز کو دھوکہ دہی، غیر مصدقہ رابطوں اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غیر مجاز سم کارڈز کی ترسیل اور فروخت کو روکنے کے لیے سخت ریگولیٹری اقدامات کیے جا رہے ہیں، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایف آئی اے پشاور کا پروٹیکٹر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 ملزمان گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے پروٹیکٹوریٹ آفس پشاور پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سرکاری اہلکاروں سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کا تعلق پشاور کے مختلف علاقوں سے ہے، انہیں رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان میں سے محمد فیصل اور عتیق الرحمان پروٹیکٹر آفس پشاور میں تعینات تھے جبکہ ملزم محمد فیصل بطور نائب قاصد اور عتیق الرحمان بطور بریفنگ آفیسر تعینات تھے۔

ملزمان سے پاکستانی پاسپورٹ، ویزا کی کاپیاں، لیٹر پیڈز اور رشوت کے نام پر ہتھیائے گئے 2 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ایجنٹس پروٹیکٹر اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔

دارالحکومت اسلام آباد میں وال چاکنگ پر پابندی، خلاف ورزی کرنے پر مقدمات درج

دارالحکومت اسلام آباد کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے وال چاکنگ کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو متعلقہ علاقوں میں کریک ڈاؤن کی ہدایت کی ہے اور وال چاکنگ کرنے والے پینٹرز اور ایڈورٹائزرز کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔

ڈسٹرکٹ کمشنر اسلام آباد نے شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔

آتش بازی، گانے اور مفت داخلہ، کراچی سٹیڈیم کی افتتاحی تقریب آج

کراچی کا نیشنل سٹیڈیم تزئین و آرائش کے مراحل سے گزرتے ہوئے مکمل طور پر تیار ہو گیا ہے، جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج شام کو ہو رہی ہے، جس میں داخلہ مفت ہو گا۔

تقریب میں گلوکار علی ظفر، شفقت امانت علی اور ساحر علی بگا سمیت دیگر فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے اور آتش بازی بھی ہو گی۔

کراچی سٹیڈیم میں 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمز ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔

پویلین کی نئی عمارت بنائی گئی ہے جبکہ ہر انکلوژر میں نئی کرسیوں کی تنصیب کے علاوہ، نئی ایل ای ڈی لائٹس اور نئی سکور سکرینز بھی نصب کی گئی ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.