پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بدھ کو عمران خان نے اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کہا ہے کہ شیر افضل مروت کے خلاف شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اُن کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عمران خان کی جانب سے شیر افضل کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایات کی پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے بھی تصدیق کی ہے۔عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایات جاری کیں کہ وہ شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالے جانے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کریں۔ عمران خان کی جانب سے دی گئی ہدایات کے بعد پارٹی رہنما جلد شیر افضل مروت کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کریں گے اور بنیادی رکنیت ختم ہونے پر شیر افضل مروت سے بطور رکن قومی اسمبلی استعفیٰ بھی طلب کیا جائے گا۔عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی ہدایت کی: ترجمانشیر افضل مروت کو پارٹی سے نکالنے کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اُردو نیوز کو بتایا ہے کہ بدھ کو اڈیالہ جیل میں عمران خان نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں شیر افضل مروت کی پارٹی رکنیت ختم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ’جب تک پارٹی قیادت ان ہدایات کی روشنی میں کوئی عملی اقدام نہیں کرتی میں زیادہ تفصیلی موقف نہیں دے سکتا۔‘اُنہوں نے بتایا کہ ’ہم جائزہ لیں گے کہ عمران خان نے اپنی ہدایات میں کیا نکات اٹھائے ہیں اُنہی کی روشنی میں پارٹی قیادت کوئی فیصلہ کرے گی۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے شیر افضل مروت کے صوابی جلسے میں کردار پر بانی پی ٹی آئی سے شکایت کی تھی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر شیر افضل مروت کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا جس میں شیر افضل مروت کو کہا گیا تھا کہ ’آپ بغیر سوچے سمجھے بولتے ہیں جس کا نتیجہ پارٹی کو بھگتنا پڑتا ہے۔‘
شوکاز نوٹس میں شیر افضل مروت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ’آپ کے بیانات کے حوالے سے عمران خان کو آگاہ کیا گیا تھا۔‘
بانی چیئرمین کی ہدایت کے بعد پارٹی کی جانب سے رویہ بہتر کرنے سے متعلق شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔