کراچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف تاریخی فتح کے ہیرو سلمان علی آغا کی کرکٹ کہانی

image

بدھ کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے تین ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اس میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے پاکستان کو 353 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا گیا تھا جسے پاکستان نے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کی شاندار سینچریوں کی بدولت آسانی سے حاصل کر لیا۔

سلمان علی آغا نے 103 گیندوں پر 133 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 2 چھکے اور 16 چوکے لگائے۔

یہ ون ڈے فارمیٹ میں آغا علی سلمان کی پہلی سینچری تھی جس کے بعد وہ کرکٹ حلقوں کا موضوع بحث بن چکے ہیں۔

سلمان علی آغا 23 نومبر 1993 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے کرکٹ میں اپنے سفر کا آغاز لاہور کے اپولو کرکٹ کلب سے کیا اور 2013 میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلا۔

2018 میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے لیے آغا سلمان کو فیڈرل ایریاز کی ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ 2018 ہی میں وہ گلوبل ٹی20 کینیڈا ٹورنامنٹ میں ایڈمنٹن رائلز کی ٹیم میں شامل ہوئے۔

اگلے سال قائد اعظم ٹرافی کے سیزن کے لیے انہیں سدرن پنجاب کی ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ اکتوبر 2021 میں وہ پاکستان شاہینز (پاکستان اے ٹیم) کے دورہ سری لنکا کے لیے ٹیم کے سکواڈ کا حصہ بنے۔

2018 آغا سلمان کے کرکٹ کیریئر کے لیے ٹرننگ پوائنٹ سال ثابت ہوا۔

انہیں اسی سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں سلیکٹ کیا۔

سلمان علی آغا نے 2022 میں دورہ سری لنکا کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

لاہور قلندرز کی جانب سے انہوں نے 2018 سے 2021 کے دوران 17 میچز کھیلے۔

2018 کے بعد 2021 آغا سلمان کے لیے غیر معمولی سال ثابت ہوا جب وہ پاکستان کی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کا حصہ بنے۔

جنوری 2021 میں انہیں جنوبی افریقہ اور پھر مارچ میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے سکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔

کچھ ماہ بعد آغا سلمان کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے وائٹ بال ٹیم میں شامل کیا گیا۔

سلمان علی آغا نے 2022 میں دورہ سری لنکا کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ اسی سال وہ نیدرلینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز سے اپنا وائٹ بال کیریئر بھی شروع کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سلمان علی آغا اب تک پاکستان کی جانب سے 21 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 38 کی اوسط سے 1317 رنز بنائے ہیں۔

ون ڈے کرکٹ میں آغا سلمان اب تک گرین شرٹس کی 32 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں تین سینچریاں اور 9 نصف سینچریاں سکور کر رکھی ہیں جبکہ انہوں نے ریڈ بال میں 19 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔

اسی طرح ون ڈے کرکٹ میں وہ اب تک گرین شرٹس کی 32 میچوں میں نمائندگی کر چکے ہیں جن میں انہوں نے ایک سینچری اور پانچ نصف سینچریوں کی مدد سے 45 کی اوسط سے 870 رنز بنائے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ وہ ون ڈے کرکٹ میں 15 بیٹرز کو بھی پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔

اگر اُن کے ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر پر نگاہ ڈالی جائے توانہوں نے قومی ٹیم کے لیے چھ میچز کھیلے ہیں جس میں اُن کے 50 رنز اور دو وکٹیں ہیں۔

گذشتہ سال انہیں پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کا نائب کپتان بھی مقرر کیا گیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.