راولپنڈی میں خشک سالی کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ واسا نے پانی ضائع کرنے پر دو شہریوں کے چالان کئے ہیں۔
واسا راولپنڈی کے مطابق خشک سالی کے باعث راولپنڈی میں پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ، ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نےکم بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، فروری اور مارچ میں بارشیں نہ ہوئیں تو پانی کا مسئلہ سنگین ہو جائے گا۔
اسلام آباد میں41فیصد بور، 27فیصد فلٹرڈ اور 33فیصد سپلائی پانی کے نمونے غیر تسلی بخش نکلے
ایم ڈی واسا نے کہا کہ راولپنڈی کی طلب 68 ملین گیلن پانی یومیہ ہے جبکہ دستیاب پانی صرف51 ملین گیلن یومیہ ہے، پانی کی ضرورت راول ڈیم، خانپور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے پوری کی جا رہی ہے، زیرِ زمین پانی کا لیول 7 سو فٹ نیچے چلا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ خان پورڈیم کی بھل صفائی کے باعث 22 فروری تک پانی کی سپلائی معطل رہے گی ، شہری پانی کا استعمال کم کریں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بھی کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔