پاکستان میں 20 سے 23 جون کے دوران پری مون سون بارشیں، گرمی کی شدت کم ہونے کا امکان

image

محکمہ موسمیات کے مطابق مرطُوب ہوائیں خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے ملک کے بالائی یا وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی 20 جون سے ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔

اس طرح 20 سے 23 جون کے دوران پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا اور حافظ آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی جھکڑ چلنے اور وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

 چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، بٹ گرام، شانگلہ، کوہستان، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’اس دوران چند مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ بارشوں سے شدید گرمی میں کمی کا امکان ہے۔‘

21 سے 23 جون کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاول پور، بہاول نگر اور ساہیوال میں جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔

اسی طرح 22 سے 24 جون کے دوران سکھر، لاڑکانہ، دادُو اور جیکب آباد میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر

مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

اسلام آباد سمیت بالائی اور وسطی حصوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبوں، درختوں، گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

کاشت کاروں سے کہا گیا ہے کہ اپنی فصلوں خاص طور پر گندم کی کٹائی کے معاملات موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں۔

عوام الناس مسافروں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اس دوران لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ان بارشوں کی وجہ سے ممکنہ طور پر اِن علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور دوردراز کے علاقوں سے رابطہ بھی منقطع ہو سکتا ہے۔

حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.