اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز یونین نے ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی کے خلاف 17 فروری کو ملک گھر احتجاج کا اعلان کر دیا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز یونین کے عہدیداران نے 17 فروری کو وفاقی دارالحکومت ہیڈ آفس بلیو ایریا کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ ملازمین کی جانب سے دھرنا بھی دیئے جانے کا امکان ہے۔
یونین عہدیدارن کے مطابق ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی کے خلاف ملک بھر کے پریس کلبز کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔ اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
یونین رہنماؤں نے کہا ہے کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیں گے۔ احتجاج شدت اختیار کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ نے قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا
رہنماؤں نے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرنے کی بھی وارننگ دے دی۔
واضح رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے ملک بھر میں 2 ہزار 860 ڈیلی ویجز ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں تمام ڈیلی ویجز ملازمین نوکری سے نکالے گئے ہیں۔ اور دوسرے مرحلے میں کنٹریکٹ ملازمین کو نوکری سے نکالا جائے گا۔
گزشتہ روز حکومت نے ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے 2500 سے 2600 ڈیلی ویجز ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔