پاکستان آؤٹ، چیمپئنز ٹرافی میں دکاندار سے براڈ کاسٹرز تک کو کتنا مالی نقصان ہوا؟

image
پاکستان کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے آؤٹ ہو جانے کی وجہ سے کرکٹ شائقین جہاں افسردہ ہیں وہیں اس سے معاشی طور پر بھی کرکٹ سے جڑے مختلف شعبوں کو نقصان ہوا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے سے نہ صرف شائقین کو شدید دھچکا پہنچا ہے بلکہ آٹھ ٹیموں کے ایونٹ کے گرد گھومنے والا مالیاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پاکستان کے میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد ٹی وی ناظرین کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے، اشتہاری آمدنی کم ہو گئی ہے اور سپانسرز اپنی تشہیری مہم کے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری چینل پی ٹی وی اور نجی چینل ٹین سپورٹس نے 15 میچوں کے مشترکہ نشریاتی حقوق 1.2 ارب روپے (4.25 ملین ڈالر) میں خریدے تھے۔

نشریاتی معاہدے سے واقف ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ راولپنڈی میں بارش سے متاثرہ دو میچز کی وجہ سے دونوں نشریاتی ادارے پہلے ہی تقریباً 18 کروڑ روپے کا نقصان اٹھا چکے ہیں۔

براڈکاسٹرز مزید مالی نقصان سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں اور سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے عام طور پر قیمتی سمجھے جانے والے اشتہاری مقامات کے خریدار تلاش کر رہے ہیں۔

پاکستان کے ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے شائقین کی ایونٹ میں دلچسپی کم ہوئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

میگا ایونٹ کی سب سے بڑی اشتہاری کمپنیوں میں سے ایک کے سینیئر ملازم کے خیال میں ’کھیلوں کی تشہیر ہمیشہ ایک جُوا ہوتا ہے۔‘

’سپانسرشپ کی ڈیلیں پورے ٹورنامنٹس کے لیے ہوتی ہیں، اس لیے درمیان میں پیچھے ہٹنا ممکن نہیں ہوتا لیکن جب قومی ٹیم جلد باہر ہو جاتی ہے تو صارفین کی ایونٹ میں دلچسپی ختم ہو جاتی ہے، جس سے مصنوعات کی فروخت بری طرح متاثر ہوتی ہے۔‘

دکاندار محمد رضوان نے امید لگائی تھی کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر 60 ہزار سے زائد پاکستانی ٹیم کی شرٹیں فروخت کریں گے۔ لیکن ان کی یہ امید پوری نہیں ہو سکی اور وہ بمشکل اس کا تیسرا حصہ ہی بیچ سکے۔

پاکستان کی شرٹس کی مانگ میں بھی کمی آئی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

محمد رضوان کہتے ہیں ’پاکستانی شرٹس کی طلب بہت زیادہ تھی اور ایونٹ سے ایک ہفتہ قبل میں نے اپنا آرڈر دگنا کر دیا تھا، لیکن جیسے ہی پاکستانی ٹیم میچز ہارنے لگی تو شرٹس کی مانگ میں بھی کمی آئی۔ اب میرے گودام میں بے شمار شرٹیں پڑی ہیں اور کوئی خریدنے والا ہی نہیں بچا، یہ بہت بڑا نقصان ہے۔‘

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دو گروپ میچز باقی ہیں جو جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، کراچی میں جبکہ نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا، دبئی میں بالترتیب یکم اور دو مارچ کو شیڈولڈ ہیں۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل چار مارچ کو دبئی میں اور دوسرا سیمی فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے۔

انڈیا کے فائنل میں پہنچ جانے کی صورت میں فائنل بھی لاہور سے دبئی شفٹ ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.