چیمپئنز ٹرافی: بارش کی وجہ سے منسوخ میچز کے ٹکٹ کیسے ری فنڈ ہوں گے؟

image
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بارش سے متاثرہ میچوں کے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے دو میچوں کے ٹکٹوں کی رقم کی مکمل واپسی کا اعلان کیا ہے جو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بغیر کوئی گیند کرائے ختم ہوگئے تھے۔

متاثرہ میچوں میں 25 فروری کو آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ اور 27 فروری کو بنگلہ دیش بمقابلہ پاکستان شامل ہیں۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پی سی بی ٹکٹ کی واپسی کی پالیسی کے مطابق ٹکٹ ہولڈرز مکمل رقم کی واپسی کے اہل ہیں۔

پی سی بی کے بیان کے مطابق اگر میچ ٹاس سے پہلے ہی منسوخ ہو جائے تو شائقین کو تمام انکلوژرز کے ٹکٹ واپس کر دیے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ہاسپٹلیٹی باکسز (باکس اور پی سی بی گیلری) کے ٹکٹ ہولڈرز رقم کی واپسی کے اہل نہیں ہیں۔

اہل ٹکٹ ہولڈرز پیر 10 مارچ 2025 سے جمعہ 14 مارچ 2025 کے درمیان نجی کوریئر کمپنی ٹی سی ایس کے منتخب آؤٹ لیٹس پر اپنی رقم کی واپسی کا دعویٰ کر سکتے ہیں تاہم تاخیر سے کی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔

شائقین کو خریداری کے ثبوت کے طور پر ایک اصل اور بغیر نقصان زدہ ٹکٹ برانچ میں جمع کروانا ہو گا۔

خریدار کو رقم کی واپسی کا دعویٰ کرنے کے لیے ذاتی طور پر ٹی سی ایس آؤٹ لیٹ جانا ہو گا۔ اصل خریدار کے علاوہ کوئی دوسرا شخص رقم کی واپسی کا مجاز نہیں ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.