اہم نکات
دفتر خارجہ نے افغانستان میں چھوڑا گیا امریکی اسلحہ سنگین مسئلہ قرار دے دیا
میو ہسپتال میں بدانتظامی پر وزیر اعلٰی مریم نواز نے ایم ایس کو برطرف کر دیا
پاکستان نیوی کے جہاز اصلت کی انڈونیشیا میں بحری مشق کموڈو-25 میں شرکت
بلوچ یکجہتی کونسل کا تین روز سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا جاری
نوجوانوں کو تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میو ہسپتال میں مریضوں کی شکایات سننے کے بعد انتظامیہ کی سخت سرزنش کی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔
مریم نواز میو ہسپتال پہنچیں تو مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے جس پر وزیر اعلٰی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کس وارڈ میں کیا ہو رہا ہے، ہسپتال انتظامیہ کو علم ہی نہیں ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے ہسپتال کے ایم ایس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ’آپ کو تو کچھ پتا نہیں ہے، کس نے رکھا ہے آپ کو۔‘
مریم نواز نے اپنے سٹاف کی طرف دیکھا اور کہا، ’دِس گائی نیڈز ٹو بھی فائرڈ‘ یعنی اس شخص کو ہٹانے کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے میو ہسپتال میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا اور ہسپتال کے امور سے متعلق تفصیلی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ساتھ مفاہمت کے بجائے مزاحمت کی سیاست کرنی چاہیے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مفاہمت کے بجائے مزاحمت کی سیاست کرنی چاہیے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے بھی تین چار مرتبہ اسلام آباد پر حملے کر چکی ہے اور عید کے بعد نئے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ جب دوسرا فریق حملہ آور ہو رہا ہو تو مفاہمت کے بجائے مزاحمت کی سیاست کرنی چاہیے۔
دہشت گردی کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے پاکستان میں دراندازی کی ایک وجہ امریکہ کا وہاں پر اپنا جدید اسلحہ چھوڑ کر جانا ہے اور امریکہ کو خود بھی اپنی غلطی کا احساس ہوا ہے کہ اسے اسلحہ نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔
لاڑکانہ: ہندو تاجروں کے قتل میں ملوث ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک
ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ ہندو تاجروں کے قتل میں ملوث دو ڈاکو نوڈیرو بائی پاس پر پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
احمد فیصل چوہدری کے مطابق دوران گشت ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں جلبانی اور لغاری گینگ کے دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے ڈاکو نوڈیرو اور لاڑکانہ میں دو ہندو تاجروں سنتوش کمار اور سنجے کمار کے قتل میں ملوث تھے جبکہ ان ڈاکوؤں کے حملے میں رونق کمار زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ سے 17 لاکھ روپے اور کورئیر کمپنی سے بھی 10 لاکھ سے زائد لوٹے تھے۔
افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، دفتر خارجہ
پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ اچھے ہمسایہ تعلقات چاہتے ہیں لیکن افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ طورخم پر سرحد کی بندش افغان فورسز کی جانب سے متنازع علاقے میں چوکیاں بنانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکہ کی جانب سے چھوڑے گئے ہتھیار خطے میں امن کی صورتحال کے لیے سنگین مسئلہ ہیں، اگر امریکہ اپنے ہتھیار افغانستان سے واپس لے لیتا ہے تو اس سے خطے میں امن بحال ہو گا۔
دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی پر تعاون ایک جاری عمل ہے اور واشنگٹن کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی اور افغان شہریوں پر امریکہ کی جانب سے ممکنہ سفری پابندیوں کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں ہیں۔
موٹر وے پر حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے پر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیاموٹر وے ایم فور پر حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے اور 173 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلانے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔موٹر وے پولیس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے انتہائی تیز اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر کے گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس چوہدری عبد العزیز اپنے عہدے سے مستعفی
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس چوہدری عبد العزیز نے اپنا استعفیٰ صدر پاکستان کو ارسال کر دیا ہے۔
جسٹس چودہدری عبد العزیز نے اپنے استعفے میں لکھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر مزید فرائض سرانجام نہیں دے سکتے اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 206 کے تحت اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔
جسٹس چودہدری عبد العزیز نے مزید لکھا کہ سال 2016 میں انہوں نے لاہور ہائیکورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور اس دوران انہوں نے تقریباً 40 ہزار کیسز کے فیصلے کیے۔
سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ایوان سے واک آؤٹ
سینیٹ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا اور ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے رکن سینیٹر عون عباس بپی کو آج صبح 8 بج کر 30 منٹ پر اپنے گھر سے اٹھایا گیا ہے، وزیر قانون بتائیں کہ انہیں کیوں اٹھایا گیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ غیر قانونی شکار کی ایف آئی آر پر عون عباس بپی کو گرفتار کیا گیا ہے اور بہاولپور کے تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فی الحال انہیں بنیادی معلومات موصول ہوئی ہیں اور وہ پتا کر رہے ہیں کہ کہیں غیر قانونی حراست میں تو نہیں لیا گیا۔
وزیر قانون نے کہا کہ انہوں نے ایف آئی آر منگوا لی ہے اور مزید معلومات ملتے ہی ایوان کو آگاہ کر دیں گے۔
پاکستان نیوی کے جہاز اصلت کی انڈونیشیا میں بحری مشق کموڈو-25 میں شرکت
پاکستان بحریہ کے جہاز اصلت نے بیرون ملک تعیناتی کے دوران انڈونیشیا میں کثیرالقومی بحری مشق کموڈو-25 میں شرکت کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مشق کموڈو-25 میں 38 ممالک کی بحری افواج نے شرکت کی ہے۔
مشق کا آغاز فلیٹ ریویو سے ہوا جہاں پی این ایس اصلت نے دیگر جنگی جہازوں کے ساتھ باہمی تعاون کا اور بحری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
بیان کے مطابق پی این ایس اصلت نے کولمبو سری لنکا کا بھی دورہ کیا۔
پاکستان نیوی کے جہاز ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولنگ پر باقاعدگی سے تعینات کیے جاتے ہیں۔
قلات: بلوچ یکجہتی کونسل کا تین روز سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا جاری
صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے لواحقین اور بلوچ یکجہتی کونسل کا گزشتہ تین روز سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دھرنا جاری ہے۔
دھرنے کی وجہ سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہے جبکہ سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور سینکڑوں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔
لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے بی وائی سی کی جانب سے شہر میں بھی تین روز سے شٹر ڈاؤن ہڑتال اور بازار مارکیٹیں و کاروباری مراکز بند ہیں۔
شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث بھی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جدہ میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل جدہ میں ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام فلسطین میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار کی او آئی سی کے رکن ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
عاقب جاوید مسخرہ ہیں، میری ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں: سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے موجودہ کوچ عاقب جاوید کو مسخرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
عاقب جاوید نے چند روز قبل پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ’گزشتہ ڈھائی سال میں 16 کوچز اور 26 سلیکٹرز تبدیل کیے ہیں، دنیا کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ ایسا کریں گے تو ان کی پرفارمنس بھی خراب ہو گی۔‘
جیسن گلیسپی نے عاقب جاوید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا، ’یہ مزاحیہ بات ہے۔ عاقب واضح طور پر پردے کے پیچھے رہ کر گیری کرسٹن اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا رہے تھے اور تمام فارمیٹس میں کوچ بننے کی کمپین کر رہے تھے۔ وہ ایک کلاؤن (مسخرہ) ہیں۔‘
عاقب جاوید پہلے ہی پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں خراب کارکردگی کے باعث تنقید کی زد میں ہیں۔
تفصیل کے لیے اس لنک پر کلک کریں
نوجوانوں کو درکار ہنر کے مطابق تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری
وزیراعظم شہباز شریف نے مارکیٹ اور صنعتوں میں درکار ہنر اور کھپت کے مطابق تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی ہے۔
وزیرِاعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئندہ 4 برس میں سالانہ 24 لاکھ سے 60 لاکھ تک نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ہنر کی فراہمی سے روزگار کے مواقع حاصل کرنے میں مدد کی جائے گی۔
بیان کے مطابق نوجوانوں کو ہنر و پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لیے مارکیٹ، صنعتوں و بین الاقوامی سطح پر افرادی قوت کی کھپت کو مد نظر رکھا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ حب حتمی مراحل میں ہے جس کا اجراء رواں ماہ میں کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید پشاور ایئر پورٹ پر آف لوڈ، توہین عدالت کی درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید نے پشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
فیصل جاوید عمرے کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو رہے تھے جب گزشتہ روز پشاور ائیر پورٹ پر انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ نے فیصل جاوید کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنی درخواست میں استدعا کی ہے کہ ایف ائی اے حکام نے عدالتی حکم نامہ دکھانے کے باوجود انہیں آف لوڈ کیا ہے، لہٰذا توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
کوئٹہ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، موبائل انٹرنیٹ سروس کئی گھنٹوں بعد بحال
کوئٹہ میں دہشتگردی کے ممکنہ خطرے کے باعث سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس 15 گھنٹے بند رہنے کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔
کوئٹہ میں بدھ کی شام کو سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی اور شہر میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی تھی۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت شہر کے مختلف مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔ سکیورٹی اہلکار جگہ جگہ ناکہ لگا کر مشکوک افراد اور گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔ اہم سرکاری عمارتوں اور حساس تنصیبات کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان کے ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں کو کالعدم تنظیم کی جانب سے ممکنہ بڑے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے پیش نظر شہر میں حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔