"ثانیہ مرزا، شعیب کے ایکسٹرا میریٹل افیئرز سے ناخوش تھیں اور انہوں نے کافی عرصہ اسے نظر انداز کرنے کے بعد علیحدگی کا فیصلہ لیا۔"
یہ بیان دیا ہے شعیب ملک کی بہنوں نے، جنہوں نے اپنے بھائی کی طلاق کی اصل وجہ پر لب کشائی کر کے سب کو حیران کر دیا۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی کئی سالوں سے تنازعات کا شکار تھی، مگر 20 جنوری 2024 کو اس وقت تہلکہ مچ گیا جب شعیب ملک نے اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ نکاح کی تصاویر شیئر کر دیں۔ ان تصاویر نے جہاں مداحوں کو چونکا دیا، وہیں ان پر شدید تنقید کا طوفان بھی برپا ہوگیا۔ لیکن اصل دھماکہ اس وقت ہوا جب ثانیہ مرزا کے والد نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی کہ ان کی بیٹی نے شعیب ملک سے خلع لی ہے۔
یہ شادی 2010 میں ایک خواب کی مانند شروع ہوئی تھی، جب بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں کی جوڑی نے نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دنیا بھر میں لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔ 2018 میں ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی، جس نے اس جوڑی کی کہانی کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ مگر 2022 کے بعد سے دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں، اور بالآخر 2023 میں ان کی 13 سالہ شادی اختتام پذیر ہوگئی۔
ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے بھی 21 جنوری 2024 کو انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام میں تصدیق کی کہ ثانیہ نے مہینوں پہلے ہی شعیب ملک سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس نازک وقت میں ثانیہ کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
یہاں ایک اور حیران کن انکشاف سامنے آیا کہ شعیب ملک کی ثناء جاوید کے ساتھ شادی میں ان کی بہنوں اور دیگر قریبی رشتہ داروں نے شرکت ہی نہیں کی۔ بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں کے مطابق شعیب کی بہنوں نے اپنی بھابھی کی حمایت میں کہا کہ ان کی علیحدگی کی اصل وجہ شعیب کے مبینہ تعلقات تھے، جنہیں نظر انداز کرتے کرتے بالآخر ثانیہ نے خلع لینے کا فیصلہ کر لیا۔