جنوبی کوریا میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں جیولین تھرو کے ایونٹ میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور یاسر سلطان نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولین تھرو ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ اے میں پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔
دوسرے پاکستانی ایتھلیٹ یاسر سلطان نے بھی 76.07 کی تھرو کرکے فائنل میں کوالیفائی کر لیا،بھارتی کھلاڑی یشمیر سنگھ نے 76.67 میٹر کی تھروکی، فائنل اکتیس مئی کو ہو گا ۔
ارشد ندیم نے مقابلے سے قبل قوم سے اپنی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ سال کے اولمپکس کے بعد یہ ان کا پہلا ٹورنامنٹ تھا، انہوں نے کہا کہ میرے لیے دعا کریں تاکہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکوں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئن شپ کا فائنل 31 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر 10 منٹ پر ہو گا، انہوں نے دعا کی درخواست کی کہ وہ میڈل حاصل کر سکیں اور پاکستان کا سر فخر سے بلند کر سکیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں ارشد ندیم نے ایک نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا اور پیرس میں مردوں کے جیولن فائنل میں 92.97 میٹر تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔