پاکستان کا چھ طیارے مار گرانے کا دعویٰ، اہم یہ ہے کہ گرے کیوں: انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف

image
انڈیا کی فوج نے پاکستان کی جانب سے چھ لڑاکا طیارے مار گرانے کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’اہم بات یہ نہیں کہ لڑاکا طیارے گرے بلکہ یہ اہم ہے کہ وہ کیوں گرے۔‘

انڈیا کی فوج نے پہلی بار تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ حالیہ جھڑپوں میں اس نے اپنے لڑاکا طیاروں کو کھو دیا۔

بلومبرگ ٹی وی کو انٹرویو میں انڈین فوج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان نے کہا کہ ’اہم بات یہ نہیں کہ لڑاکا طیارے گرے بلکہ یہ اہم ہے کہ وہ کیوں گرے۔‘

انہوں نے پاکستان کے چھ انڈین لراکا طیارے مار گرانے کے دعوے کو ’بالکل غلط‘ قرار دیا تاہم یہ بتانے سے انکار کیا کہ انڈیا کے کتنے طیارے گرے۔

انیل چوہان نے کہا کہ ’وہ (طیارے) کیوں گرے، کیا غلطیاں ہوئیں یہ اہم ہے۔ تعداد اہم نہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اچھی بات یہ ہے کہ ہم اس حکمت عملی کی غلطی کو سمجھنے کے قابل ہوئے جو ہم سے ہوئی، اس کا تدارک کیا، اسے درست کیا اور پھر دو دن کے بعد دوبارہ عمل درآمد کیا اور طویل فاصلے تک نشانہ بناتے ہوئے اپنے تمام لڑاکا طیاروں کو دوبارہ اُڑایا۔‘

چیف آف ڈیفنس سٹاف انیل چوہان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ انہوں نے ایٹمی جنگ کو روکنے میں مدد کی۔

انیل چوہان نے کہا کہ یہ بعید از قیاس ہے کہ دونوں فریق جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے قریب تھے۔ 

’میں ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ روایتی کارروائیوں اور ایٹمی جنگ کے دہانے کے درمیان کافی جگہ ہوتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ رابطے کے چینلز ہمیشہ کھلے تھے۔ جوہری ہتھیاروں کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

اس سے قبل انڈیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور سابق وزیر قانون سبرامینن سوامی نے کہا تھا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے انڈیا کے پانچ لڑاکا طیارے گرائے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکمران جماعت میں سے کسی نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے انڈیا کے طیارے گرائے تھے۔

سبرامینن سوامی نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’پاکستان نے اپنے جہاز بھیج کر ہمارے پانچ جہاز گرائے ہیں۔ چینی طیارے تھے لیکن چین نے یہ نہیں کیا۔ چین کے جہاز بڑھیا والے تھے پر فرانس کے طیارے (رفال) اتنے بڑھیا نہیں تھے۔‘

سابق وزیر نے کہا کہ ’رفال طیاروں کی خریداری میں پیسے کھائے گئے یہ دوسری بات ہے، ‎انہیں کیوں خریدا گیا اس کا معاملہ تو مودی کے اقتدار چھوڑنے کے بعد ہی کھلے گا، کیونکہ وہ ایسا ہونے نہیں دیں گے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان سے حالیہ لڑائی اور دوطرفہ جھڑپوں کے دوران ہونے والے واقعات پر میڈیا کو بریفنگ میں انڈین ایئر مارشل اے کے بھارتی کا رفال گرنے کے سوال پر کہنا تھا کہ ’ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں اور نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں۔‘

خیال رہے کہ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اس نے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب انڈیا کے 6 طیارے مار گرائے جن میں تین رفال بھی شامل ہیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.