پاکستان کے ساتھ ’ہمدردی‘ کا اظہار کرنے پر انڈیا میں 81 افراد گرفتار

image

پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی کے ایک ماہ بعد انڈین پولیس نے پاکستان کے ساتھ ’ہمدردی‘ کا اظہار کرنے پر متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ گرفتاریاں ریاست آسام میں ہوئیں جہاں وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ ہمدردی رکھنے والے 81 ریاست مخالف افراد جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔‘

وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’ہمارا نظام سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹس کرنے والوں کی نگرانی کر رہا ہے اور کارروائی کی جا رہی ہے۔‘

پولیس نے کہا کہ ایک شخص کو انسٹاگرام پر پاکستان کا جھنڈا پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ باقی گرفتار ہونے والے افراد کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

گذشتہ ماہ انڈیا کی انسداد دہشت گردی ایجنسی نے پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک پولیس افسر کو گرفتار کیا تھا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حکام نے اس کے علاوہ جاسوسی کرنے پر 10 دیگر افراد کو گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں عسکریت پسندوں کی طرف سے 26 افراد کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انڈیا نے اس حملے کا الزام پاکستان پر لگایا تھا لیکن پاکستان نے اس سے انکار کرتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی۔

لیکن انڈیا نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے پاکستان میں مبینہ ’دہشت گردی کے ٹھکانوں‘ پر میزائل حملے کیے تھے۔ اس کے بعد کشمیر میں دونوں ممالک کی افواج کے درمیان چھڑپیں شروع ہو گئیں۔

اسی دوران 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب انڈیا نے پاکستان کے ایئر بیسز پر میزائل حملے کیے۔ اس کے بعد پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انڈیا پر میزائل داغے اور تین رفال سمیت پانچ انڈین لڑاکا طیارے مار گرانے کا دعوی کیا۔

10 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہو گئی تھی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.