سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، پہلی پرواز پی کے 732 بدھ کی صبح جدہ سے اسلام آباد پہنچی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایئرپورٹ پر حاجیوں کا استقبال کیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حج کے دوران حکومت پاکستان نے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کو قابل تعریف سہولیات مہیا کیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے عازمین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
پاکستان سے 29 اپریل کو حج 2025 کے آپریشن کا آغاز ہوا تھا جب پی آئی اے کی پہلی پرواز 393 عازمین کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مدینہ منورہ پہنچی تھی۔
آئندہ دنوں میں اسلام آباد کے بعد لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بھی حجاج کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا۔