لبوبو کا جادو۔۔ ریحانہ سے کم کارڈیشین تک سب اس شیطانی مسکراہٹ والی گڑیا کے دیوانے کیوں؟

image

چاہے آپ اسے پیارا سمجھیں، عجیب کہیں یا بالکل ہی بے معنی، حقیقت یہ ہے کہ چین کے بنے ہوئے لبوبو نامی نرم کھلونوں نے عالمی سطح پر تہلکہ مچا رکھا ہے۔ "پاپ مارٹ" نامی چینی کمپنی کا بنایا ہوا یہ ننھا سا الف جیسے کردار والا کھلونا، اب دنیا بھر میں شہرت کی بلندیوں پر ہے۔ اسے ریحانہ، دوا لیپا، کم کارڈیشین اور بلیک پنک کی لیزا جیسی شخصیات کی حمایت بھی حاصل ہے، اور عام لوگ بھی اس کے دیوانے ہو چکے ہیں۔ چین سے لے کر لندن تک، لبوبو خریدنے کے لیے لگی قطاریں اکثر جھگڑوں میں بدل جاتی ہیں۔

لبوبو کے دیوانوں میں شامل کینیڈا میں مقیم فایونا ژانگ کہتی ہیں: "اتنی سخت مقابلے بازی میں اگر آپ یہ کھلونا حاصل کر لیں تو ایک انوکھا احساسِ کامیابی ہوتا ہے۔"

پاپ مارٹ کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور لبوبو کی کامیابی نے اسے چین کے سافٹ پاور کا نیا چہرہ بنا دیا ہے۔

لبوبو آخر ہے کیا؟

لبوبو اصل میں "دی مانسٹرز" نامی سیریز کا ایک خیالی کردار ہے، جسے ہانگ کانگ کے آرٹسٹ کاسنگ لنگ نے تخلیق کیا۔ اس کھلونے کا چہرہ پلاسٹک اور جسم نرم کپڑے کا ہوتا ہے، کان نوکیلے، آنکھیں بڑی اور منہ میں نو دانتوں والی شرارتی سی مسکراہٹ اس کی پہچان ہے۔

لبوبو کی شخصیت کو "نرم دل اور مددگار مگر اکثر الٹا نتیجہ دینے والا" بیان کیا گیا ہے۔ اس سیریز میں دیگر کردار بھی موجود ہیں جیسے زیمومو، ٹائیکوکو اور موکاکو، جن کے کھلونے بھی کافی مقبول ہو چکے ہیں۔

لبوبو کو کون بیچتا ہے؟

پاپ مارٹ نے ابتدا ایک عام دکان کے طور پر 2010 میں بیجنگ میں کی تھی، مگر 2016 میں اس نے "بلائنڈ باکس" سیریز متعارف کرائی۔ اس میں خریدار کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ باکس کے اندر کون سا کھلونا ہے۔ 2019 میں لبوبو کی حقوق حاصل کرنے کے بعد پاپ مارٹ کی قسمت جاگ اٹھی۔

پاپ مارٹ آج دنیا بھر میں دو ہزار سے زائد وینڈنگ مشینز (روبوشاپس) چلا رہا ہے، اور اس کے کھلونے 30 سے زائد ممالک میں دستیاب ہیں۔ 2024 میں اس کی 40 فیصد آمدنی چین سے باہر سے آئی۔ چین میں حکام نے حال ہی میں 70 ہزار سے زائد جعلی لبوبو برآمد کیے، جو اس کی مانگ کا ثبوت ہے۔

لبوبو دنیا بھر میں کیسے پھیلا؟

لبوبو کی عالمی شہرت کا آغاز 2022 کے آخر میں ہوا، جب چین نے کووڈ کی بندشوں سے باہر آنا شروع کیا۔ ماہرین کے مطابق لوگوں نے لبوبو کی شرارتی مگر دلکش شخصیت میں جذباتی سکون محسوس کیا۔

2023 میں تھائی نژاد کے-پاپ اسٹار لیزا نے انسٹاگرام پر لبوبو کے ساتھ تصویریں شیئر کیں، پھر ریحانہ، کم کارڈیشین اور ڈیوڈ بیکھم جیسے ستاروں نے بھی اس کھلونے کو اپنا لیا۔ اس کے بعد لبوبو ایک عالمی جنون بن گیا۔

لبوبو کی مقبولیت کے پیچھے کیا راز ہے؟

لبوبو کی کامیابی کو سمجھنا آسان نہیں، یہ ایک ایسا رجحان ہے جسے انٹرنیٹ کی بے قاعدگی اور وقت کے موزوں انتخاب نے جنم دیا۔ چینی حکومت اسے اپنی تخلیقی صلاحیت، معیار اور ثقافت کی عالمی نمائندگی قرار دے رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین لبوبو کے باکس کھولنے کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔ امریکہ میں ایک وائرل ویڈیو میں ایئرپورٹ سیکیورٹی اہلکار ایک بند لبوبو باکس کے اندر کھلونے کی پہچان کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جمع کرنے والوں کا جنون

سنگاپور میں ایک پاپ مارٹ اسٹور پر گھومتے ہوئے، دیرینہ کلیکٹر ڈیسمنڈ ٹین لبوبو کے "چیزر" (نایاب ایڈیشن) تلاش کرنے کے لیے باکسز کو زور سے ہلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ہر 10 میں سے ایک باکس سے چیزر نکلتا ہے اور اگر وہ دو تین کوششوں میں نایاب کھلونا حاصل کر لیں تو بہت خوش ہوتے ہیں۔

لبوبو اب محض ایک کھلونا نہیں رہا بلکہ ایک عالمی کلچر، ایک اظہارِ شخصیت اور انٹرنیٹ دور کی ذہنی تسکین کا ذریعہ بن چکا ہے۔ اور شاید یہی اس کی اصل طاقت ہے۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.