ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس حافظ آباد کے آڈٹ برائے سال 2018 تا 2024 میں انکشاف ہوا ہے کہ گورنمنٹ ماڈل ایلمنٹری اسکول قلعہ عثمان غنی حافظ آباد کی ہیڈ مسٹریس کو اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر، مرکز سولنگی کھرل تحصیل پنڈی بھٹیاں حافظ آباد کا 11 اکتوبر 2022 کو اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق مذکورہ ٹیچر کے پاس 23 ماہ سے یہ اضافی چارج ہے جس میں ایک جانب تو قانون کے مطابق توسیع نہیں دی گئی ہے جب کہ دوسرا بڑا معاملہ یہ سامنے آیا ہے کہ دونوں پوسٹوں یعنی سولنگی کھرل پنڈی بھٹیاں اور گورنمنٹ اسکول قلعہ عثمان غنی حافظ آباد کے درمیان 35 کلومیٹر کا فاصلہ ہے اتنے فاصلے میں کسی انسان کے لیے ممکن ہی نہیں کہ ایک وقت میں ڈیوٹی انجام دے سکے۔
آڈٹ رپورٹ میں اس بے ضابطگی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 23 ماہ کے عرصے میں اضافی تنخواہ اور الاونس کی مد میں 13 لاکھ روپے کی غیر قانونی ادائیگی کی گئی ہے۔ اسپیشل ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں 15 نومبر 2024 کو بھی یہ معاملہ اٹھایا گیا لیکن آخری اطلاعات تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔