عمران خان کی پارٹی بیٹے لیڈ کریں گے؟ کے پی حکومت پریشان

image

علیمہ خان کی جانب سے عمران خان کے بیٹوں کی ممکنہ آمد کے اعلان سے خیبر پختونخوا حکومت کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بتایاجاتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ 5 اگست سے شروع ہونے والی تحریک میں عمران خان کے دونوں بیٹے سلمان اور قاسم شرکت کریں گے، اس اعلان نے خیبر پختونخوا حکومت کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے سے پاکستان تحریک انصاف مختلف دھڑوں میں تقسیم ہوئی ہے تاہم علی امین گنڈا پور نے اپنے گروپ کو تگڑا بنانے کے لیے کمر کس لی ہے اور اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے 27 اراکین کو مختلف محکموں کے لیے پارلیمانی سیکریٹریز کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں جبکہ پہلے سے ہی کابینہ میں کئی قریبی ساتھیوں کو ایڈجسٹ کیا گیاہے ، بتایا جاتا ہے کہ باقی ماندہ ارکین کو بھی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں میں ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس وقت مرکزی قیادت اور خیبرپختونخوا حکومت کے ذمہ داروں کے مابین اختلافات بڑھ گئے ہیں، علیمہ خان، سلمان اکرم راجہ، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر، اسدقیصر، شہرام خان ترکئی، عاطف خان اور ان کے دیگر ہم خیال ساتھی عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کے حق میں ہیں لیکن اختلافات کی وجہ سے کئی مرتبہ احتجاجی تحریک ناکامی سے دوچار ہوئی ہے۔

اس حوالے سے پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سلمان اور قاسم کی آمد سے تحریک کو تقویت ملنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے اندر موجود اختلافات بھی کم ہوجائیں گے، پارٹی ذرائع کے مطابق علیمہ خان، عمران خان کی رہائی نہ ہونے پر ہر وقت پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں تاہم صوبائی حکومت میں موجود پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور وزیراعلیٰ ان کی تنقید کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان نہ تو پاکستان تحریک انصاف کی رکن ہیں نہ ہی ان کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ ہے، اس لیے پارٹی ارکان علیمہ خان کی جانب سے کیے گئے اعلانات اور فیصلوں کو اہمیت نہیں دیتے۔

پارٹی کے اندرونی اختلافات اور عمران کے بیٹوں کی آمد کے حوالے سے پارٹی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم سے بار بار رابطہ کیا گیا تاہم ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ وہ صرف عمران خان کو جوابدہ ہیں وہ کسی اور کو جوابدہ نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی نے کہا کہ سارے دروازے بند ہوگئے، اب صرف تحریک ہی راستہ ہے جبکہ عمران خان کے بچے بھی پاکستان آکر تحریک میں حصہ لیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم نے کہا ہے کہ وہ پاکستان آئیں گے اور تحریک کا حصہ بنیں گے، پہلے وہ امریکا جارہے ہیں وہاں وہ انسانی حقوق کے اداروں کو بتائیں گے کہ ان کے والد کے ساتھ کیا ظلم ہورہا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ جو تحریک کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے وہ اپنے عہدوں سے ہٹ جائیں۔


About the Author:

پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts