ڈیری فارمرز نے فی کلو دودھ میں 50 روپے اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم اکتوبر تک نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی صورت میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس پر احتجاج کی دھمکی بھی دے دی۔
کراچی پریس کلب میں ڈیری فارمز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی مختلف کالونیوں میں 10 لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں، کراچی کی یہ انڈسٹری روزانہ 50 لاکھ لیٹر دودھ شہر کے عوام کو فراہم کرتی ہے۔
ڈیری فارمرز نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نےکراچی کے ڈیری فارمرز کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ڈیری فارمر انڈسٹری میں ہر چیز کی قیمت میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے، اگر اسی طرح قیمتیں بڑھتی گئیں تو مویشی کے بھوکے مرنے کا خدشہ ہے۔
ڈیری فارمر نے کہا کہ یومیہ 30 کروڑ روپے دودھ کی مد میں نقصان ہو رہا ہے۔ دودھ کی قیمتوں میں فوری اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فی لیٹر قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ناگزیر ہے۔
ڈیری فارمرز نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ کی قیمتوں میں یکم اکتوبر تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے بصورت دیگر وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔