اسٹیٹ بینک نے ’میرا گھر میرا آشیانہ‘ اسکیم کا آغاز کردیا پہلی بار گھر خریدنے والوں کے لیے 35 لاکھ تک قرض کی سہولت دی جائے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کم اور درمیانی آمدنی والے طبقے کو رہائشی سہولتیں دینے کے لیے سبسڈی پر مبنی ہاؤسنگ اسکیم میرا گھر میرا آشیانہ متعارف کرا دی۔
اسکیم کے تحت پہلی مرتبہ گھر خریدنے والے افراد کو 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ قرض کی مدت 20 سال تک رکھی گئی ہے جبکہ پہلے 10 برسوں تک سبسڈی دی جائے گی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق قرض لینے والوں پر پروسیسنگ فیس یا قبل از وقت ادائیگی کی کوئی جرمانہ فیس عائد نہیں ہوگی۔
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ قرض کے لیے تمام روایتی و اسلامی بینک، مائیکروفنانس بینک اور ہاؤسنگ بلڈنگ فنانس کارپوریشن (ایچ بی ایف سی) سہولت فراہم کریں گے۔ صارفین کو 20 لاکھ روپے تک کا قرض 5 فیصد شرح سود پر جبکہ 20 لاکھ سے 35 لاکھ روپے تک کا قرض 8 فیصد شرح سود پر دیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت خریدار 5 مرلہ تک کے گھر یا 120 گز (1360 مربع فٹ) کے فلیٹ/اپارٹمنٹ کی خریداری، پلاٹ پر مکان کی تعمیر یا پلاٹ کی خریداری کے لیے بھی فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔
اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست گزار پہلی بار گھر خریدنے والا اور پاکستانی شہری ہونا چاہیے جبکہ اس کے نام پر پہلے سے کوئی رہائشی جائیداد نہ ہو۔