عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام پر مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کراچی آیا ہے جہاں آج سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ ابتدائی طور پر مذاکرات اسٹیٹ بینک کے حکام کے ساتھ ہوں گے۔
وفد دو ہفتے تک پاکستان کی معیشت کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ مشن کی رپورٹ کی بنیاد پر 7 ارب ڈالر پروگرام کے تحت اگلی قسط کی ادائیگی مشروط ہوگی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف جائزہ مشن سیلاب کے معیشت پر اثرات اور بجٹ اہداف پر پیش رفت کا بھی جائزہ لے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے یہ مذاکرات ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں کیونکہ ان کی کامیابی کے بعد پروگرام کے تحت قسط کی فراہمی متوقع ہے۔