اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور ٹیلی نار پاکستان کے مجوزہ انضمام کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آ گئی۔ مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے اس حوالے سے اپنی جائزہ رپورٹ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو پیش کردی ہے۔
ہماری ویب کو دستیاب دستاویز کے مطابق، مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 11 کے تحت کمیشن کے پاس اس انضمام پر 3 اختیارات موجود ہیں۔
1. انضمام کی مشروط منظوری دینا۔
2. قانونی طور پر قابل نفاذ معاہدوں کی شرائط عائد کرنا۔
3. یا پھر انضمام کو مکمل طور پر روک دینا۔
ذرائع کے مطابق، کمیشن نے ان آپشنز پر تفصیلی غور کیا ہے تاکہ مارکیٹ میں صحت مند مسابقت قائم رہے اور صارفین کے حقوق متاثر نہ ہوں۔ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ انضمام کی صورت میں ملک کی ٹیلی کام انڈسٹری پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے اور ممکنہ طور پر مارکیٹ شیئر کا بڑا حصہ ایک ہی کمپنی کے پاس آسکتا ہے۔
کمیٹی ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ صارفین کے مفاد اور مارکیٹ میں توازن برقرار رکھنے کے لیے کمیشن کو اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے شفاف فیصلہ دینا ہوگا۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ مسابقتی کمیشن آئندہ اجلاسوں میں کرے گا۔