ریٹرن فائلنگ ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں ہوگی، ایف بی آر

image

ایف بی آر نے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے 30 ستمبر تک جمع کرانا لازمی ہوگا اور اس تاریخ کے بعد ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کو قانون کے مطابق لیٹ فائلر کا درجہ دیا جائے گا جبکہ ان پر جرمانے بھی عائد ہوں گے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تاریخ میں توسیع سے متعلق تمام خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔ ادارے نے واضح کیا ہے کہ شدید مجبوری کی صورت میں ٹیکس دہندگان کمیٹی کی منظوری سے زیادہ سے زیادہ 15 روز کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ واجب الادا ٹیکس 30 ستمبر 2025 تک جمع کرا دیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ریٹرن فائلنگ کے لیے آئی آر ایس سسٹم مکمل طور پر فعال ہے اور اس کے سست روی کا دعویٰ بھی غلط ہے۔ ایف بی آر کے مطابق زیادہ تر ٹیکس دہندگان ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جو حالیہ سیلاب سے متاثر نہیں ہوئے اور انہیں گوشوارے جمع کرانے کے لیے پہلے ہی کافی وقت دیا گیا تھا۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ نئے اور سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے فائلنگ کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔ ایف بی آر نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک درستگی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کرائیں تاکہ کسی قانونی کارروائی یا جرمانے سے بچ سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US