کراچی کے عوام پر مہنگائی بم کی تیاری! ڈیری فارمرز کا الٹی میٹم؟

image

کراچی میں مہنگائی کی ستائی عوام کے لیے مزید بری خبر، ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 50 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کر دیا۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے حکومت سے فی لیٹر دودھ کی قیمت 220 سے بڑھا کر 270 روپے کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب اور بڑھتی پیداواری لاگت کے باعث ڈیری انڈسٹری بحران کا شکار ہے۔ فیڈ، چارہ اور دیگر اخراجات میں 30 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جس کے باعث فارمرز یومیہ اربوں روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔

ڈیری فارمرز نے خبردار کیا کہ اگر یکم اکتوبر تک قیمتوں میں اضافے کی منظوری نہ دی گئی تو وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں ایک ملین سے زائد جانور موجود ہیں جو روزانہ 50 لاکھ لیٹر دودھ فراہم کرتے ہیں لیکن موجودہ نرخوں پر یہ کام مزید جاری رکھنا ناممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US