مہنگائی کا نیا سیلاب آنے والا ہے؟ عالمی بینک نے معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی

image

عالمی بینک نے پاکستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے باعث معیشت پر منفی اثرات اور مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ عالمی بینک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 2.6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے جبکہ حکومت نے اس کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیلابی نقصانات کے باعث معاشی بحالی کی رفتار سست رہے گی اور مالی سال 26-2025 میں حقیقی جی ڈی پی گروتھ 2.6 فیصد تک محدود رہ سکتی ہے۔ عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ رواں مالی سال مہنگائی 7 فیصد سے تجاوز کر سکتی ہے جس سے عوامی سطح پر معاشی دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا۔

عالمی بینک کے مطابق پنجاب میں زرعی پیداوار میں 10 فیصد تک کمی متوقع ہے جبکہ چاول، گنا، کپاس، گندم اور مکئی جیسی اہم فصلیں سیلاب سے شدید متاثر ہوئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خوراک کی ترسیل میں خلل سے مالیاتی خسارہ 5.5 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار زرعی شعبے کی بحالی پر ہوگا تاہم محصولات میں اضافہ، اخراجات میں کمی اور 5 سالہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت ٹیرف ریفارمز سے بہتری کے امکانات موجود ہیں۔

عالمی بینک نے کہا کہ سیلاب سے برآمدات میں کمی ضرور آئے گی مگر ترسیلاتِ زر اور تیل کی کم قیمتوں سے کچھ حد تک توازن ممکن ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال غربت کی شرح 44 فیصد رہنے کا امکان ہے جو اگلے مالی سال میں کم ہو کر 43 فیصد تک آسکتی ہے۔ عالمی بینک نے زور دیا ہے کہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی، زرعی پیداوار میں بہتری اور شرح سود میں کمی سے پاکستان کی ترقی میں مثبت پیش رفت ممکن ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US