غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں شامل جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اسرائیلی قید سے رہائی کے بعد پاکستان پہنچ گئے۔
سابق سینیٹر غیر ملکی پرواز کے ذریعے بحرین سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں سیکڑوں کارکنان اور شہریوں نے فلسطینی پرچموں کے ساتھ ان کا شاندار استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر مشتاق احمد کے حق میں نعرے لگائے گئے اور فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے 45 کشتیوں پر مشتمل گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکا اور تمام شرکا کو گرفتار کر لیا تھا۔ ان میں پاکستانی سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل تھے۔
بعد ازاں 7 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے ان کی اسرائیلی حراست سے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اردن میں پاکستانی سفارت خانے میں محفوظ اور صحت مند ہیں۔پاکستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اطلاع دی تھی کہ مشتاق احمد خان بحفاظت پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔