اسلام آباد سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز فنی خرابی کا شکار، مسافروں کا احتجاج

image

اسلام آباد سے ٹورنٹو (کینیڈا) کے لیے روانہ ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (PIA) کی پرواز PK-781 لاہور پہنچتے ہی مبینہ طور پر فنی خرابی کا شکار ہوگئی، جس کے باعث مسافروں کو گھنٹوں ائیرپورٹ پر مشکلات اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

عینی شاہدین کے مطابق، لاہور ائیرپورٹ پر پہنچنے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ کو اچانک جہاز کے ٹائر تبدیل کرنے کا خیال آیا، جس دوران فنی خرابی کا پتہ چلا۔ اس صورتحال نے مسافروں میں شدید غصہ اور بے چینی پیدا کردی۔

ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہماری زندگیاں اتنی سستی ہیں کہ انتظامیہ کو پرواز کے بعد یاد آیا کہ جہاز میں خرابی ہے۔ اگر یہ مسئلہ دورانِ پرواز سامنے آتا تو خدانخواستہ بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔"

دوسرے مسافروں نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کئی گھنٹوں سے لاہور ائیرپورٹ پر محصور ہیں اور انہیں یہ نہیں بتایا جا رہا کہ پرواز کب روانہ ہوگی۔ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شفاف وضاحت دی جائے اور مسافروں کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں۔

ذرائع کے مطابق، انجینئرنگ ٹیم نے جہاز کی فنی خرابی کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے، تاہم روانگی کے نئے وقت کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔

پی آئی اے ترجمان کی جانب سے اس واقعے پر ابھی تک کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US