سیمی زیدی پاکستان کی معروف ٹیلی وژن، فلم اور تھیٹر کی سابق اداکارہ ہیں، جنہوں نے 1990 کی دہائی میں اپنے شاندار کرداروں سے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ وہ مشہور ڈراموں "کشکول", "تنہا تنہا" اور "آشیانہ" میں اپنی یادگار اداکاری کے باعث آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
ان کا سب سے نمایاں کردار ڈرامہ آشیانہ میں "سپنا" کا تھا، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ ٹیلی وژن کے علاوہ، سیمی زیدی نے فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے "گناہ", "دھڑکن" اور "دنیا دس نمبر ی" جیسی فلموں میں عمدہ اداکاری کی۔
تھیٹر کے میدان میں بھی سیمی زیدی نے اپنی پہچان بنائی۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈرامہ "شرطیہ مِٹھے" ایک خاندانی کھیل تھا جسے بین الاقوامی سطح پر بھی خوب پذیرائی ملی۔
سیمی زیدی مشہور پاکستانی اداکارہ تانی بیگم کی صاحبزادی ہیں، جو 1970 کی دہائی کی نامور فنکارہ رہ چکی ہیں۔
اپنے کیریئر کے عروج پر، سیمی زیدی نے شوبز کی دنیا کو خیرباد کہا اور امریکہ منتقل ہو گئیں، جہاں وہ اپنی والدہ، شوہر اور بچوں کے ساتھ مقیم ہیں۔ انہوں نے نومبر 2010 میں شادی کی اور اب ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔ ان کے دو بچے ہیں جو اب بڑے ہو چکے ہیں۔
سیمی زیدی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں سے رابطے میں رہتی ہیں، جہاں وہ اپنی خاندانی زندگی اور ذاتی لمحات کی تصویریں اور جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔