نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر
آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان ٹیم کو پیچھے چھوڑ کر پہلے نمبر پر
آ گئی ہے۔
آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کا پہلا نمبر تھا تاہم
نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں
کامیابی کے بعد یہ اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
|
|
اس وقت نیوزی لینڈ کے 18 میچوں میں 2262 پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کے 23 ٹی
ٹوئنٹی میچوں میں 2843 پوائنٹس ہیں اور عالمی رینکنگ میں اس کا دوسرا نمبر
ہے۔
تاہم پاکستان کی کرکٹ ٹیم اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہے جہاں وہ تین ٹی
ٹوئنٹی اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔
اس طرح پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے پاس نیوزی لینڈ کو سیریز میں شکست دے
کر عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کا موقع ہے۔
اس سے قبل بدھ کو ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے جانے والے سیریز کے تیسرے اور
آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے کولن منرو کی شاندار سنچری اور پھر بولرز کی
نپی تلی بولنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 119 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر
سے جیت لی تھی۔
کولن منرو نے 53 گیندوں پر 104 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 10 چھکے اور تین
چوکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ مارٹن گپتل 38 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو
چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے کیچ ہو گئے۔
اس کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے
نقصان پر 243 رنز بنانے میں کامیاب رہی جو کہ ٹی 20 میں اس کا سب سے بڑا
سکور ہے۔
|
|
جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم آغاز سے ہی دباؤ کا شکار ہی اور اس کی ابتدائی
دو وکٹیں صرف ایک کے سکور پر گر گئیں۔ اس کے بعد بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ
وقفے وقفے سے جاری رہا اور پوری ٹیم 17ویں اوور میں 124 رنز بنا کر آؤٹ ہو
گئی۔
ویسٹ انڈین بلے بازوں میں فلیچر کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم نہیں
سکا۔ فلیچر نے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے تین جبکہ ٹرینٹ بولٹ اور اش سوڈھی نے دو،
دو وکٹیں لیں۔
اس ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے 47 رنز سے جیتا تھا جبکہ دوسرا
میچ بارش سے متاثر ہونے کی وجہ سے بےنتیجہ رہا تھا۔
|