انڈیا کے میڈیکل ویزے پاکستانی مریضوں کی امید

اتوار کی صبح لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کے بیشتر مکین نیند کے خمار میں تھے لیکن ڈاکٹر تیمورالحسن کے گھر میں غیر معمولی سرگرمی جاری تھی۔

وہ علی الصبح تازہ دم نظر آ رہے تھے لیکن ان کی چھوٹی بہن قدرے گھبرائی ہوئی تھیں اور پھر ڈیڑھ گھنٹے بعد ڈاکٹر تیمور روانگی کے لیے تیار تھے۔ اہل خانہ ان کے گرد جمع تھے۔ دروازے پر ان کے لیے دعا کی گئی اور قران کے سائے میں انھیں روانہ کیا گیا تاکہ ان کا سفر مبارک ہو۔
 

image


ڈاکٹر تیمور جگر کے کینسر کے مریض ہیں اور ان کی منزل انڈیا کا دارالحکومت نئی دہلی ہے۔

دہلی میں سنہ 2015 میں ایک کامیاب سرجری کے بعد انھیں نئی زندگی ملی تھی لیکن پھر کینسر لوٹ آیا ہے اور اس بار انھیں انڈیا میں علاج کے لیے ویزے کا چھ ماہ تک انتظار کرنا پڑا۔

انھوں نے امید چھوڑ دی تھی لیکن ان کی بہن نے دیوالی کی شام انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ٹوئٹر پر ان کے لیے ویزے جاری کرنے کی درخواست کی۔

ڈاکٹر تیمور کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب دوسرے ہی دن انھیں ویزا دے دیا گیا۔
 

image


اپنی گاڑی میں داخل ہوتے ہوئے ڈاکٹر تیمور نے کہا دہلی میں مریض مطمئن رہتے ہیں۔ ان کے لیے بہت آسانیاں ہیں، تہذیب و ثقافت، زبان اور سب چیزیں ایک سی ہیں۔

اس کے بعد وہ واہگہ اٹاری سرحد پہنچے اور پیدل سرحد پار کی پھر ایک گھنٹے بعد دہلی کے لیے روانہ ہو گئے۔

حالیہ دنوں پاکستانی مریضوں کے علاج کے لیے انڈیا پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ ہزاروں مریض لیور ٹرانسپلانٹ، کینسر کے علاج اور بچوں کے علاج کے لیے وہاں گئے ہیں۔ ملک کے ہر علاقے کے لیے یورپ اور امریکہ کی بہ نسبت انڈیا میں علاج کرانا پسند کرتے ہیں حالانکہ امریکہ اور یورپ میں علاج زیادہ اچھے تصور کیے جاتے ہیں۔

بہرحال انڈیا کے معاملے میں ویزا بڑا چیلنج ہے۔ انڈیا کی وزارت تجارت کے ایک حالیہ سروے کے مطابق سنہ 16-2015 کے دوران کل 1921 پاکستانی مریضوں کے ویزے جاری کيے گئے۔ خطے کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں یہ تعداد بہت کم ہے۔

سروے میں بھی یہ بات سامنے آئی ہے کہ انڈیا کو فی مریض کے لحاظ سے پاکستانی مریضوں سے زیادہ آمدن ہوتی ہے۔ اوسطاً ایک پاکستانی مریض انڈیا میں علاج پر تقریبا تین ہزار امریکی ڈالر خرچ کرتا ہے لیکن اس کے باوجود ان کے لیے راہیں آسان نہیں ہیں۔
 

image

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈیا ہر ماہ عام طور پر 500 پاکستانیوں کو علاج کے لیے ویزے جاری کرتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا: یہ سب مفت نہیں ہے، لوگ ان خدمات کے لیے اچھی خاصی رقم صرف کرتے ہیں اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کی جانے والی چند چیزوں میں سے ایک ہیں۔

انھوں نے مزید کہا: 'اب قابلِ احترام وزیر (سشما سوراج) ٹوئٹر پر لوگوں کا انتخاب کرتی ہیں۔'

مئی سنہ 2017 میں ایک میڈیا میں رپورٹ آئی تھی کہ انڈیا نے پاکستان کو دیے جانے والے میڈیکل ویزا پر پابندی لگادی ہے جس کے بعد پاکستان میں اس وقت انڈیا کے سفیر گوتم بمباوالا کو بلا کر یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔

انڈیا اس طرح کی خبروں کی ہمیشہ تردید کرتا رہا ہے۔ انڈیا کا مؤقف ہے کہ پاکستانی مریضوں کے لیے ویزے پر پابندی نہیں ہے لیکن اعلیٰ سطح پر درخواستوں کی جانچ کی جاتی ہے۔

تقسیم سے آج تک ہندوستان اور پاکستان کے رشتے میں نشیب و فراز آتے رہے ہیں اور اکثر ایک دوسرے کے خلاف علیحدگی پسند تحریکوں کو ہوا دی جاتی رہی ہے۔

کبھی انسانیت اور ہوش و خرد کا دور بھی آیا ہے لیکن پھر اس کی جگہ نفرت اور بیان بازی نے لے لی ہے۔
 

image

اگر آپ وزیر خارجہ سشما سوراج کے ٹوئٹر ہینڈل کو دیکھیں تو آپ کو درجنوں افراد ان سے ویزے کی درخواست کرتے نظر آئیں گے۔ حالیہ دنوں پاکستانی مریضوں کے لیے ٹوئٹر آخری حربہ نظر آیا ہے۔

پاکستان میں ہندوستان کے نئے سفیر اجے بساریا نے اپنی آمد پر اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے قیام کے دوران اس شعبے پر کام کریں گے۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا: 'ہمارے لیے لوگوں کو دھیان میں رکھنا ہے اور یہ (میڈیکل ٹورازم) ان کا ایک پہلو ہے۔ تکلیف سے دوچار لوگوں کے لیے ویزا اور لوگوں کو ایمرجنسی میں مدد کرنا ایک جہت ہے جس کے فروغ اور توسیع پر ہم توجہ دینا چاہیں گے۔'

ادھر دہلی میں ڈاکٹر تیمور کی اپنے معالج ڈاکٹر سبھاش گپتا سے ملاقات ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر گپتا نے کہا: 'جب سے میں ایک ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کر رہا ہوں پہلی بار میڈیکل ویزا پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن ہم لوگوں نے (اسے ہٹانے کی) کوشش کی اور اب چیزیں معمول پر آ رہی ہیں۔'

ڈاکٹر گپتا نے ریڈیو تھیراپی کے لیے تیمور الحسن کو ایک دوسرے ڈاکٹر کے پاس بھیجا ہے۔ ڈاکٹر گپتا کا خیال ہے کہ وہ پوری طرح صحت یاب تو نہیں ہو پائیں گے لیکن ان کی عمر میں یقیناً چند سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے انھیں ہر تیسرے مہینے انڈیا کا سفر کرنا ہوگا۔

تیمورالحسن سشما سوراج کی امداد کے شکرگزار ہیں لیکن کیا ان کی مہربانیاں مستقبل بھی جاری رہیں گی؟

ان کی طرح بہت سے پاکستانیوں کی زندگی اب اس بات پر منحصر ہوگی کہ انڈیا آنے والے دنوں میں اپنی میڈیکل ویزا پالیسی کو کس طرح جاری رکھتا ہے۔


Partner Content: BBC URDU

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

On the occasion of Diwali, Indian Minister for External Affairs Sushma Swaraj said that all the Pakistanis who have pending medical visa applications will be granted the required documentation so that they can come to India for treatment. In her tweet, however, she mentioned that the visas will be granted to the truly “deserving” applicants.