روس کے سابق صدر خروشیف ایک مرتبہ بہت بڑے مجمع سے خطاب
کرتے ہوئے سٹالن پر تند و تیز تنقید کر رہے تھے- خروشیف نے اس کے ظلم و جبر
اور زیادتی کی ایسی داستانیں سنائیں کہ مجمع دم بخود رہ گیا- مجمع سے کسی
نے ایک چھوٹے سے کاغذ کے پرزے پر لکھا:
“جب یہ سارے مظالم ہو رہے تھے اس وقت آپ کیا کر رہے تھے؟ آپ نے اس ظلم و
جبر کے خلاف کیا اقدام کیا؟“
یہ پرزہ خروشیف تک پہنچ گیا- خروشیف نے اسے پڑھا اور تھوڑی دیر کے لیے سکوت
اختیار کیا٬ ایسا معلوم ہوا گویا وہ لاجواب ہوگئے ہیں٬ لیکن پھر ڈانٹ کر
پوچھا “ جن صاحب نے یہ سوال کیا ہے وہ کھڑے ہوجائیں“-
معترض نے سکوت اختیار کیا-
خروشیف نے پھر کہا “ صاحبِ سوال کھڑا ہوجائے“-
معترض پھر بھی خاموش رہا-
خروشیف نے جواب دیا “ میں بھی اسٹالن کے ظلم و ستم کے دور میں یہی کر رہا
تھا “-
(بشکریہ: بڑے لوگوں کے روشن واقعات - خان اکبر علی
خان) |