ہندوستان کے موجودہ حالات انتہائی بد ترہیں،ہم اپنی
آنکھوں سے سنگین صورت حال کا مشاہدہ کررہے ہیں،خوف ،ڈر اور نفسیاتی دباؤہم
پر بنایا جاچکاہے ،ہم سے ہماری شناخت چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے ،اقتصادی
سطح پر ہم کمزور کیئے جارہے ہیں،تعلیمی میدان میں ہمیں پیچھے چھوڑنے کی
منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،سر عام ہمار اقتل ہورہاہے ۔لیکن یہ صورت حال صرف
آج کی نہیں بلکہ آزدی کے بعد سے ہی مسلمانان ہند ایسے حالات کا سامناکررہے
ہیں اورجرات وہمت کے ساتھ اس کا مقابلہ بھی کررہے ہیں،ایسے ہی سنگین حالات
1990 کے دہائی میں تھے جب پورے ہندوستان کے مسلمان شدید بے چینی ،پریشانی
اور اضطراب کی کیفیت محسوس کررہے تھے ۔ خوف اور دہشت کا عالم تھا ۔ان حالات
کا مقابلہ کرنے اور قوم کو نفسیاتی دباؤسے آزاد کرانے کیلئے مولانا قاضی
مجاہد الاسلام قاسمی نے اتحاد ملت کا نعرہ بلند کیا ،تمام مسالک ومکاتب کے
علماء کو ایک اسٹیج پر آنے کی دعوت دی اور ممبئی کی سرزمین پر مئی 1992 میں
ایک اتحاد ملت کانفرنس طلب کی گئی جس میں تقریبا 200 سے زائد مختلف مسالک
ومکاتب کے علماء نے شرکت کی ،مفکر اسلام حضرت مولانا ابوالحسن علی میاں
ندوی رحمۃ اﷲ علیہ نے انتہائی دقیع اور حالات ومشاہدات پر مشتمل خطبہ
استقبالیہ پیش کیا۔اس اتحاد ملت کانفرنس کے مشن کو برقراررکھنے او راس
ایجنڈا کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اسی اجلاس میں ملی کونسل کے قیام کی
تجویز پیش کی گئی اور ہندوستان کے معروف رہنما قاضی مجاہد الاسلام رحمۃ اﷲ
علیہ اس کے کنوینر بنائے گئے ۔چند ماہ بعد نومبر 1992 میں ملی کونسل کو
عملی جامہ پہنانے اور باضابطہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ہندوستان کے
تاریخی شہر ،شیر میسور ٹیپوسلطان کے دیار میں اس وقت کی جید شخصیات ،اکابرین
اور ملی کونسل سے وابستہ شخصیات جمع ہوئیں ،28.29 نومبر 1992 کو اجلاس عام
کا انعقاد کیا گیا اور یوں آل انڈیا ملی کونسل کے باضابطہ قیام کا اعلان
ہوا ۔
آل انڈیا ملی کونسل نے اپنے قیام کے بعد ملک کی تصویر بدلنے کی کوشش کی ،ہر
ضلع اور گاؤں تک پہونچ کر مسلمانوں کے مسائل سلجھانے کا کام کیا ،قاضی
القضاۃ مولانا مجاہد الاسلام کی قیادت میں ملی کونسل کاد ائر ہ مسلسل بڑھتا
رہااور چند ہی سال میں پورے ملک میں ملی کونسل کی جدوجہد کا چرچا ہونے لگا
،صوبائی اور ضلع سطح پر ملی کونسل کی یونٹ کی تشکیل عمل میں آئی،زمینی سطح
پر کام کیا گیا اور یوں جمعیت علماء ہند کے بعد یہ دوسری تنظیم بن گئی جس
کی نمائندگی ہر صوبہ، ضلع اور شہروں پر مشمل ہے ۔ ملی کونسل کا خاص امتیاز
ہے کہ اس میں تمام مکاتب فکر کے علماء ،دانشوران ،اسکالرس او ر دیگر
شعبہائے حیات کی نمانئدگی ہے ۔
آل انڈیا ملی کونسل کے اغراض ومقاصد اور تاریخی کارناموں کی ایک طویل فہرست
ہے جن میں سرفہرست ہے ۔کلمہ طیبہ کی بنیاد پر مسلمانوں میں اجتماعیت اور
اتحاد پیداکرنا اور اس بات کی کوشش کرناکہ مسلمان بحیثیت خیر امت اس ملک کی
ذمہ داریاں پوری کرسکیں ۔ہندوستانی مسلمانوں کی جان ومال اور عزت وآبرو کی
حفاظت کیلئے مناسب تدابیر اختیار کرنا ۔مسلمانوں کے دینی ومذہبی تشخص نیز
تہذیبی وثقافتی شناخت کے تحفظ کیلئے کوشش کرنا اور اس سلسلے میں ان مقاصد
کیلئے کی جانے والی کوششوں میں خواہ وہ کسی جہت سے ہورہی ہوں ربط وتوافق
پیداکرنا اور ان سے تعاون کرنا ۔ملک میں بڑھتی ہوئی فسطائیت ،فرقہ وارانہ
منافرت اور تشدد کے رجحانات کے مقابلے کیلئے رائے عامہ بیدارکرنا،ہندوستان
کی تمام مذہبی اکائیوں اور فرقوں کے درمیان خیر سگالی اور برادرانہ تعلقات
کو مستحکم کرنے کی کوشش کرنا ،ان کے اندر باہمی اعتماد کی فضاء بحال کرنا
اور ہندوستان کے تمام شہریوں بالخصوص اقلیتوں اور مظلوم طبقات کی جان ومال
،عزت وآبر و اور تہذیب وتمد ن کے تحفظ کی کوشش کرنا ۔مسلمانوں میں حوصلہ
اور خود اعتماد ی کو بحال کرنا اور ان میں اس احساس کو ابھار ناکہ وہ اس
ملک میں دوسرے درجہ کے شہری نہیں ہیں بلکہ دستوری طور پر اقتدار میں برابر
کے شریک ہیں اور ملک کی تعمیر وترقی او رایک ایسے نظام کو قائم کرنے میں جو
سماجی انصاف کا ضامن ہو،انہیں اپنا قرار واقعی رول اداکرناہے ۔مسلمانوں کی
تعمیر وترقی تعلیمی ،معاشی ومعاشرتی فلاح وبہبود کیلئے منصوبہ بندی ،دینی
تعلیم کیلئے مکاتب ومدارس ،عصری تعلیم کیلئے اسکول وکالج ،پروفیشنل تعلیم
کیلئے ادارے ،طبی مراکز ،دواخانوں نیز صنعت وحرفت ،دستکاری وتجارت کے شعبوں
میں ایسے اداروں کے قیام کی کوشش کرنا جن کے ذریعہ مسلمانوں کو ان میدان
میں آگے بڑھنے کا موقع ملے اور وہ اپنی محنت کا پوراصلہ پائیں ۔ان مقاصد
کیلئے قائم تنظیموں او رجاری کوششوں کے درمیان ربط وہم آہنگی پیداکرنا اور
ان کو تقویت پہونچانا ۔مسلمانوں میں اجتماعی وسیاسی شعور بیدا ر کرنا اور
حالات کی پیچیدگی اور نشیب وفراز سے انہیں باخبر رکھنا اور مناسب رہنمائی
فراہم کرنا ۔
ملت اسلامیہ میں مقامی سطح سے ملکی سطح تک فعال قیادت کو پروان چڑھانا تاکہ
ہر سطح پر ان مقاصد کی تکمیل میں مدد مل سکے ۔
2018 میں آل انڈیا ملی کونسل کے قیام کو 25 ہوپورے ہوگئے ہیں ،اس مدت میں
ملی کونسل نے ملک وملت کی تعمیر میں کئی اہم کارنامے انجا دیئے ہیں،کئی
مرتبہ اپنی اجتماعی کوششوں سے حکومت کو ان کا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور
کیا ہے ،مختلف کنونشن کا انعقا دکر کے ،احتجاج ومظاہرہ کرکے ،ارباب اقتدار
سے ملکر اور ذرائع ابلاغ کا استعمال کرکے ملک کے مسلمانوں میں حوصلہ پیدا
کرنے اور بیداری لانے کا اہم کارنامہ انجام دیا ہے ۔ملی کونسل نے 2014 کے
بعد ملک کے بگڑتے حالات کے تناظر میں دستور بچاؤ دیش بناؤ کا نعرہ لگایا جس
کے تحت مختلف علاقوں میں تقریب کا انعقاد ہوا ،جولائی 2017 میں ایک تاریخی
کنونشن دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کی شہرت پورے ملک تک
پہونچی اور ہر سیکولر شہری نے اس نعرہ سے اتفاق کرتے ہوئے اپنی تحریر
وتقریر کا اسے حصہ بنایا ۔اس سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے ملی کونسل کے 19 ویں
اجلاس عام کے موقع پر بھی اسی کو موضوع بحث بنایا گیاہے ۔4 چارروزہ جشن
سمیں کے موقع پر مختلف اجلاسوں کے ساتھ 25 فروری کی شام میں دستور بچاؤ ۔دیش
بناؤ کے موضوع پر ایک اجلاس عام کا انعقا د ہوگا ۔
ملک کی تعمیر اور مسلمانوں کی تصویر بدلنے میں ملی کونسل نے نمایاں کارنامہ
انجام دیاہے ،ملک گیر سطح پر سیاسی اور ملی مسائل کو اٹھانے والی یہ واحد
ایسی تنظیم ہے جس میں سبھی مکاتب فکر کے علماء ،دانشوران اور دیگر شعبہاء
حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی نمائندگی ہے حاصل ۔آل انڈیا ملی کونسل
کی اس عظیم کامیابی اور جدوجہد کا سہرا ہندوستانی مسلمانوں کے عظیم ملی
رہنما قاضی مجاہد الاسلام کو جاتاہے جنہوں نے درجنوں تاریخ ساز کارنامہ
انجام دینے کے ساتھ ملی کونسل کے ذریعہ اتحادملت کے مشن کو کامیاب بنانے
میں کلیدی رول ادا کیا ۔ان کے وفات کے بعد معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر محمد
منظور عالم اس کارواں کو بحسن وخوبی آگے بڑھارہے ہیں ۔معروف عالم دین
مولانا عبد اﷲ مغیثی بطور صدر آل انڈیا ملی کونسل اس مہم میں برابر کے شریک
ہیں ۔اس کے علاوہ مولانا محمد رابع حسنی ندوی،مولان خالدسیف اﷲ رحمانی ،مولانا
عبد الوہاب خلجی،جسٹس ایم اے احمدی ،جناب رحیم انصاری ،کمال فاروقی۔پروفیسر
عبد المتین ۔مولانا انیس الرحمن قاسمی۔ڈاکٹر محمد اصغر چوبلے ۔ جناب عبد
الرشید انجینئر۔مولانا کاکا سعید عمری ۔ایس ایم عبد الرحیم چننی۔ایڈوکیٹ
ظفر یاب جیلانی۔ایڈوکیٹ عبد القیوم اختر ۔مولانا یاسین علمی عثمانی ۔اقبال
محی الدین شیخ ۔مفتی ثناء الہدی قاسمی ۔مولانا اسرارالحق قاسمی سمیت درجنوں
اہم شخصیات ملی کونسل کے مختلف عہدوں پر فائز ہیں اور اس کازکو آگے بڑھانے
میں ان کا تعاون شامل ہے ۔
آل انڈیاملی کونسل کے 25 سال مکمل ہونے پر ایک مرتبہ پھر اسی شہر میسور میں
ملت کونسل سے وابستہ تمام افراد چارروزہ جشن سمیں(سلورجبلی) منارہے ہیں
جہاں اس کی داغ بیل ڈالی گئی تھی ۔ ہر نازک موڑ ملت کا حوصلہ بڑھانے والے
یہ قائدین تاریخی شہر میں ایک اور نئی تاریخ رقم کررہے ہیں،اپنے عزائم اور
ولولے سے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ٹیپوسلطان کا خون ان کی رگوں میں آج بھی
دور رہاہے ،آئین ہند اور دستور کی روشنی میں مخالف طاقتوں سے ہر محاذ پر وہ
جنگ لڑنے کا حوصلہ رکھتے ہیں،مشکل ترین حالات کے باوجود ان کی ہمت پست نہیں
ہوئی ہے ۔ جنوبی ہند کے اس علاقے میں جمع ہوکر قائدین ملت بلند عزائم سے
سرشار ہوکر پورے ہندوستان کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ماضی میں انگریزوں کا
راستہ ٹیپوسلطان نے روکاتھا آج بھی فرقہ پرستوں کے بڑھتے قدم کو روکنے
کیلئے میسور کی سرزمین پر ایک لائحہ عمل تیا رکیا جارہاہے ۔ |