منڈلی (پہلی قسط)

زرد ہوتی شام کے ساتھ بنفشی رنگ مزید گہرا ہوتا جارہا تھا .ڈھلتے سورج کے ساتھ ساتھ زمیں پہ گشت کرتے انسانی قد چھوٹے اور بے جان دیواروں تک پھیلے ان کے سائے لمبے ہو جاتے ہیں۔ سورج سے سایہ آگے اور زندگی سائے کے پیچھے چلنے پر جیسے مجبور نظر آرہی تھی.تبھی تو اترتے سورج کی روشنی میں چلتے جسم متحرک سایوں کی شکل میں ڈھل چکے تھے رات کی تاریکی میں مدغم ہونے کے لیئے..دور نظر آتے سمندر سے نمی کی سوغات لے کے بوجھل ہونے والی ہوا اب آوارگی سے کئ گلاب عارضوں پہ پڑی الہڑ لٹوں سے اٹھکھیلیاں کرتی ہوئ خود بھی بدمست ہوکے چل رہی تھی.کبھی کوئ شرمیلی کھنک سنائ دیتی تو کبھی کسی کی کھنکتی ہوئ ہنسی ماحول کو گدگدانے لگتی.نوجوان لڑکے بالے سب ہی سمندر کی بپھرتی لہریں ہوں ،تجربے کی آمیزش لیئے قہر اگلتی نگاہیں ہوں یا دبی دبی سرزنش سبھی سے بے خوف ہوکر اپنے من کی موجاں کرنے میں مست مگن تھے.

کوئی ہوا میں اڑ اڑ کے ملنے والی ریت کو اپنی مٹھی میں قید کرکے اس کی فطرت سے واقف ہونے کے باوجود عمر کو وقت کی قید سے آزاد کرنے کی موہوم سی امید لیئے بجھتی قندیلوں سے تاحد نظر پھیلے سمندر کو ٹاپ رہا تھا.وہیں آس پاس سے ہنگاموں سے بے نیاز ایک وجود گٹھڑی بناپاس ہی پڑے بورے کا ہی حصہ لگ رہا تھا جسے بورے نے اضافی سامان کی صورت ریت پر اگل دیا ہو..دھیرے دھیرے ماحول کی شوخیاں مدھم پڑنے لگیں.سورج دور کہیں پھر سے طلوع ہونے کے لیئے نکل پڑا تھا جبکہ ادھر دودھیا روشنی لٹاتے خوبصورت روشنی والے چاند کے لیئے سمندر نے اپنی بانہیں پھیلادیں تھیں اور اس سے اٹھتے جھاگ اڑاتے کف میں ٹھنڈی کرنوں سے لپٹے جھلملاتے خواب زندگی کے خالی کینوس میں رنگ بھرتے بھرتے اگلے ہی لمحے ریگ زارِ وجود کے سینے پر لہریا سانپ جیسے نشان چھوڑتے ہوئے اوجھل ہو تے جارہے تھے اور ہر طرف گہری دبیز خاموشی کے راج کا اعلان رات کے سناٹے میں گونجنے لگا.. گھپ اندھیرے میں بورے کے ساتھ پڑا وجود دور سے ایک سیاہ دھبے کی طرح نظر آرہا تھا جس میں آس پاس پھیلی خاموشی کو کسی حد تک دور کرتی ہلچل پیدا ہوچلی تھی.اس بات سے بے خبر کہ سمندر ابھی بھی جاگ رہا تھا.

Haya Ghazal
About the Author: Haya Ghazal Read More Articles by Haya Ghazal: 65 Articles with 87889 views I am freelancer poetess & witer on hamareweb. I work in Monthaliy International Magzin as a buti tips incharch.otherwise i write poetry on fb poerty p.. View More