کیا آپ اڑن کار چلانا چاہیں گے؟

ایک ولندیزی کمپنی پال وی نے جنیوا کے موٹر شو میں تازہ ترین اڑن کار کا مظاہرہ کیا ہے۔ کیا یہ خواب جلد ہی حقیقت کا روپ دھار سکتا ہے؟

یہ تین پہیوں والی چھوٹی سی کار ہے، لیکن یہ سڑک پر چلنے کے علاوہ اپنے پروں کی مدد سے ہوا میں بھی اڑ سکتی ہے۔
 

image


لیکن کیا یہ صرف امیروں کا کھلونا ہی ہے یا اس کی عام لوگوں کے لیے بھی کوئی افادیت ہے؟

اس اڑن کار کا نام 'لبرٹی' یعنی آزادی رکھا گیا ہے۔

اس کے ہیلی کاپٹر کی طرح پر ہیں جو اسے زمین سے اوپر اٹھنے میں مدد دیتے ہیں، جب اس کے اندر دو ایک سو ہارس پاور کے انجن نصب ہیں۔

اسی طرح کی ایک کار جیمز بانڈ کی فلم 'یو اونلی لِو ٹوائس' میں بھی دیکھنے میں آئی تھی۔

تاہم لبرٹی اس سے تھوڑی بڑی ہے اور اسے سڑک پر بھی چلایا جا سکتا ہے۔

زمین پر اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو رابرٹ ڈنگےمانسے کہتے ہیں: 'یہ ہوا بازی کا عام المیہ ہے۔ چھوٹا جہاز یا ہیلی کاپٹر اس جگہ سے اڑتا ہے جہاں آپ نہیں جانا چاہتے اور وہاں اترتا ہے جہاں سے آپ آنا نہیں چاہتے۔ لیکن اس گاڑی میں آپ اپنے گھر سے سیدھے اس جگہ تک جا سکتے ہیں جہاں آپ موجود ہونا چاہتے ہیں۔'

تاہم ہیلی کاپٹر جیسے ڈیزائن کی اپنی خامیاں بھی ہیں۔ برطانیہ کی لینکاسٹر یونیورسٹی کے پروفیسر ہیری ہوسٹر کہتے ہیں: 'جائروکاپٹر عام ہیلی کاپٹر کے برعکس بہت چھوٹی سی جگہ پر بھی اتر سکتے ہیں، لیکن انھیں اوپر اٹھنے کے لیے آگے بڑھنے کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔ اس لیے انھیں عمارتوں کے اوپر بنے ہیلی پیڈز سے نہیں اڑایا جا سکتا۔

'اس کے علاوہ زیادہ گنجان علاقوں میں بھی مسئلہ ہوگا کیوں کہ اس کے پروں کو گھومنے کے لیے خاصی بڑی خالی جگہ درکار ہو گی۔'

وہ کہتے ہیں کہ اس کے علاوہ شور بھی ایک مسئلہ ہوگا۔

پال وی واحد کمپنی نہیں ہے جو اڑن کار کو عام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری کمپنیاں بھی اسی قسم کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، تاہم وہ زیادہ تر تہہ ہونے والے پروں والی گاڑیاں بنا رہی ہیں۔

مثال کے طور پر امریکی کمپنی ٹیرافوگیا نے ایسی اڑن کار بنائی ہے جو جس کے پر پرواز کے بعد بڑی صفائی سے تہہ کیے جا سکتے ہیں۔
 

image


ٹیرافوگیا کے چیف ایگزیکٹیو کرس جیرن نے بی بی سی کو بتایا: 'آپ اسے اپنے گیراج میں کھڑی کر سکتے ہیں، آپ اسے کسی بھی ہوائی اڈے تک چلا کر لے جا سکتے ہیں، پھر اس کے پر کھولیں، اسے اڑا کر دوسرے ہوائی اڈے تک لے جائیں، اور پھر اپنی منزل تک چلا کر لے جائیں۔'

پیٹرول سے چلنے والی یہ گاڑی سڑکوں پر 113 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہے جب کہ فضا میں اس کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔

لیکن اس اڑن کار کو عوام تک پہنچنے میں ایک مشکل کا سامنا ہے۔ اس کی قیمت دو لاکھ 80 ہزار ڈالر ہے۔

ایک اور کمپنی بھی اڑن کار بنا رہی ہے۔ سلوویکیا کی کمپنی ایروموبیل کی اس گاڑی کی قیمت 12 لاکھ ڈالر ہے۔

ایرو ٹیکنالوجی کے ماہر نک ورتھ کہتے ہیں کہ اڑن کاروں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قواعد و ضوابط ہیں، نہ کہ ٹیکنالوجی۔

'پچھلے ایک سو سال سے جہازوں کے بارے میں قواعد وضع کیے جا رہے ہیں۔ اس لیے کسی گاڑی کو پرواز کے لیے کلیئر کرنے پر سالہاسال لگتے ہیں۔ گاڑی کے حادثے کے مقابلے پر جہاز کا حادثہ کہیں زیادہ سنگین ہوتا ہے، اور گاڑی چلانے کی نسبت جہاز اڑانے میں بہت بڑا فرق ہے۔'

حالیہ قوانین کے مطابق اڑن گاڑی چلانے کے لیے ڈرائیور کا نہیں بلکہ پائلٹ کا لائسنس درکار ہے۔

ورتھ کہتے ہیں: 'مسئلہ یہ ہے کہ اڑن گاڑی ایسی چیز ہے جس میں بہت زیادہ انجینیئرنگ اور قواعد و ضوابط آتے ہیں، جس کی وجہ سے اس کی قیمت بہت زیادہ ہو جاتی ہے۔

'کیا اس کی مارکیٹ موجود ہے؟ ممکنہ طور پر ہاں، لیکن یہ مارکیٹ بہت چھوٹی ہے۔'

دوسری طرف برطانیہ کی رائل ایروناٹیکل سوسائٹی کے بل ریڈ کہتے ہیں کہ 'اگر آپ بہت سی اڑن گاڑیاں لے آئیں تو اس سے فضائی ٹریفک جام کا مسئلہ شروع ہو جائے گا۔ اس لیے آپ کو مخصوص فضائی پٹیاں بنانی پڑیں گی۔

'میرے خیال سے خودکار ہوائی ٹیکسیوں کو اجازت ملنے کا امکان اڑن کاروں کی نسبت زیادہ ہے۔'


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

As Dutch company Pal-V unveils its latest flying car gyrocopter at the Geneva motor show, we ask if the dream of flying cars for all could ever become a reality. "007 was here" says the graffiti emblazoned on the wall of Pal-V's stand at the Geneva motor show. Beneath it sits a creation James Bond would certainly be proud of.