حقوق الاولاد فرمان مصطفیٰ کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں

حضرت عمرو بن شعیب بواسطہ اپنے والد اپنے دادا سے روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جب تمہاری اولاد سات سال کی ہو جائے تو انہیں نماز کا حکم دو اور جب وہ دس سال کے ہو جائیں تو انہیں اس (نماز نہ پڑھنے) پر مارو اور (اس عمر میں) انہیں الگ الگ سلایا کرو۔
:: ابوداؤد شریف،کتاب نماز(صلوٰة)1 / 133، الرقم : 495

حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : تحائف کی تقسیم میں اپنی اولاد میں برابری رکھو اور اگر میں کسی کو کسی پر فضیلت دیتا تو عورتوں کو (یعنی بیٹیوں کو بیٹوں پر) فضیلت دیتا۔
:: بخاری شریف،کتاب : الهبة وفضلها، 2 / 913

حضرت عبداﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جس شخص کی دو بیٹیاں ہوں اور جب تک وہ اس کے پاس رہیں یا وہ ان کے ساتھ رہا اور (اس دوران) وہ ان کے ساتھ حسن سلوک کرتا رہا تو وہ دونوں اسے جنت میں لے جائیں گی۔
:: ابن ماجہ شریف ،کتاب ادب، 2 / 1210، الرقم : 3670

حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : جس نے تین بیٹیوں کی پرورش کی، انہیں اچھا ادب سکھایا، ان کی شادی کی اور ان کے ساتھ اچھا سلوک کرتا رہا تو اس کے لئے جنت ہے اور ایک اور روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : تین بہنیں یا تین بیٹیاں، یا دو بیٹیاں یا دو بہنیں۔
:: ابوداؤدشریف،کتاب ادب، 4 / 338، الرقم : 5147

حضرت ابودرداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : تم قیامت کے روز اپنے ناموں اور اپنے باپوں کے ناموں سے پکارے جاؤ گے، لہٰذا اپنے (اور اپنے بچوں کے) نام خوبصورت رکھا کرو۔
:: ابوداؤد شریف،کتاب ادب، 4 / 287، الرقم : 4948

حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا روایت کرتی ہیں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم (جب کسی شخص یا بچے کا برا نام دیکھتے تو اس کا وہ) برا نام تبدیل فرما دیا کرتے تھے۔
:: ترمذی شریف،کتاب المناقب عن رسول اﷲ صلي الله عليه وآله وسلم،5 / 135، الرقم : 2839
پیرآف اوگالی شریف
About the Author: پیرآف اوگالی شریف Read More Articles by پیرآف اوگالی شریف: 832 Articles with 1292637 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.