زکوٰۃ کی ادایئگی،زکوٰۃ دینے والے کون اور لینے والے کون اور زکوٰۃ کی رقم سے حج کروانا

زکوٰۃ کے لغوی معنی پاکیزگی ، ستھرائی اور برکت کے ہیں یعنی جس مال کی زکوٰۃ نکالی جائے تو وہ بقیہ مال کو پاک و صاف کر دیتی ہےء اور اس مال میں برکت پڑ جاتی ہے اور وہ چوری ڈاکہ و غیرہ سے محفوظ و مامون ہو جاتا ہے۔حدیث شریف کے مطابق خشکی و تری میں جو مال بھی ضائع ہوتا ہے وہ زکوٰۃ ادا نہ کرنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

زکوٰۃ کی اہمیّت کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن پاک میں جہاں جہاں نماز کا حکم ہے وہیں ساتھ ہی زکوٰۃ کی ادائیگی کا بھی حکم دیا گیا ہے اور زکوٰۃ ادا نہ کرنے کی صورت میں سخت عذاب کی وعید ہے۔

ارشاد باری تعالیٰ ہے( مفہوم) جو لوگ سونے اور چاندی کو جمع کرتے ہیں اور پھر اس کی زکوٰ ۃ نہیں نکالتے تو روز قیامت اس سونے اور چاندی کے پترے بنا کر انھیں آگ میں گرم کیا جایئگا اور پھر اس سے ان لوگوں کی پیشانیوں، پیٹھوں اور پہلووں کو داغا جائیگا اور ان سے کہا جائے گا یہی وہ خزانہ ہے جسے تم اپنے لئے جمع کرتے تھے(القرآن)۔

سوال یہ ہے کہ زکوٰۃ کس قسم کے مال پر اور کتنی مقدار میں فرض ہے؟ تو ازروئے مسئلہ زکوٰۃ چار قسم کے اموال پرفرض ہے یعنی سونا، چاندی ، نقد رقم اور تجارتی مال، علاوہ ازیں زمین پر عشر اور بھیڑ بکریوں وغیرہ کا نصاب الگ ہے۔ اس میں تفصیل اس طرح ہے کہ سونا اگر کسی کے پاس ساڑھے سات تولے87.479=گرام ہے اور چاندی بالکل ہی نہیں اور نہ ہی تجارتی مال ہے اور نہ ہی نقد رقم ہے ، اسی طرح اگر چاندی ساڑھے باون تولے= 612.35گرام ہے اور تجارتی مال یا نقد رقم ایک روپیہ بھی نہیں، اور اگر تھوڑی سی مقدار میں سونا یا چاندی ہے یاکچھ تجارتی مال اور نقد رقم بھی ہے تو سب کا مجموعہ اگر
ساڑھے باون تولہ چاندی کی مروجہ قیمت تک پہنچ جاتا ہے اور یہ مال اسکی بنیادی ضروریات سے زائد ہے اور وہ شخص مقروض بھی نہیں ہے اور اس مال پر سال گزر گیا ہے تو اب اس پر2.50% کے حساب سے زکوٰۃ ادا کرنا فرض ہے۔(بدائع:جلد۲ صفحہ۴۱۱)

یعنی یہ لوگ زکوٰۃ دینے کے اہل ہیں اور انھیں شرعی اصطلاح میں ’’صاحب نصاب‘‘ کہا جاتا ہے۔ اور جن لوگوں کے پاس اتنا مال نہیں اور وہ غرباء و مساکین ہیں لہٰذا یہ لوگ زکوٰۃ لے سکتے ہیں کیونکہ یہ لوگ صاحب نصاب نہیں ہیں۔ او ازروئے شرع زکوٰۃ لینے کے پہلے مستحق اپنے غریب رشتہ دار اور بہن بھائی ہیں

پھر دوسروں کی باری آتی ہے، یعنی اوّل خویش بعد ہ درویش!!

اور زکوٰۃ کی ادایئگی کے بارہ میں ایک غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ جسے زکوٰ ۃ دی جارہی ہے اسے یہ بتانا ضروری ہے کہ یہ زکوٰۃ کامال ہے لہٰذا عام طور پر زکوٰۃ دینے والے، لینے والے کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے یہ کہتے ہیں کہ ’’میاں یہ زکوٰۃ کا مال ہے‘‘۔

حالانکہ یہ ضروری نہیں کیونکہ زکوٰۃ دینے میں نیّت کا اعتبار ہے لہٰذا بچوں کی عیدی کے نام پریا ہدیہ کے نام پر زکوٰۃ دی جاسکتی ہے تاکہ لینے والا خفگی محسوس نہ کرے(درّالمختار)

یہ تمام باتیں اپنی جگہ پر مگر عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ بہت کم لوگ نصاب کے مطابق پوری زکوٰۃ نکالتے ہیں اوّل تو نکالتے ہی نہیں اور جو نکالتے بھی ہیں وہ بھی اندازے سے تھوڑی بہت نکال دیتے ہیں۔ کیونکہ یہ ایک مسلّمہ حقیقت ہے کہ اگر سب لوگ پوری پوری زکوٰۃ نکالنے لگ جائیں تو معاشرے میں کوئی غریب نہ رہے ،آج جو زکوٰۃ لینے والے ہیں وہ کل کو خود زکوٰۃ لینے والے بن جائیں گے۔

سوال یہ ہے کہ زکوٰۃ کی ادایئگی کا طریقہ کار کیا ہونا چاہئیے؟ تو اسکا بہترین طریقہ یہ ہے کسی مستحق کو یکمشت اتنی زکوٰۃ دے دی جائے کہ وہ خود کفیل ہو جائے ، اپنے قدموں پر کھڑا ہو جائے اور آیندہ سال زکوٰۃ دینے والا بن جائے مگر متفرق طور پر بھی زکوٰۃ دی جاسکتی ہے۔

زکوٰۃ کی ادایئگی بارہ میں ایک بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ جس کو زکوٰۃ دی جائے اس میں تملیک شرط ہے یعنی اسے اس رقم کا مالک بنا دیا جائے اور اس پر کوئی شرط عائد نہ کی جائے کہ تم نے اس رقم کو اس طرح خرچ کرنا ہے وغیرہ بلکہ وہ جس طرح چاہے اسے خرچ کر سکتا ہے۔

اسکی ایک مثال یہ ہے کہ بعض لوگ زکوٰۃ کی رقم سے لوگوں کو حج کرواتے ہیں اور اسے یہ کہتے ہیں کہ بھئی اتنی رقم کا انتظام تم کرو اور باقی کا ہم کرتے ہیں اور تمہیں حج کرواتے ہیں، اور بعض دفعہ اسکے پاس زائد رقم نہیں ہوتی اور وہ گھر کا خرچ بھی بڑی مشکل سے چلا رہا ہوتا ہے مگر مجبوراً اسے یہ کرنا پڑتا ہے چاہے اسے کہیں سے قرض ہی کیوں نہ لینا پڑے۔ اس طرح زکوٰۃ ادا نہیں ہوتی کیونکہ اس میں تملیک نہیں یعنی اسے اس رقم کا مالک نہیں بنایا گیا۔

ایک واقعہ ہے کہ کسی سیٹھ صاحب نے اپنے رشتہ دار وں میں ایک میاں بیوی سے کہا کہ آپ پاسپورٹ بنوائیں آپ کو حج کرواتے ہیں انھوں نے بڑی مشکل سے پاسپورٹ بنوایا، اتفاقاً میاں کو فالج گر گیا اور وہ چارپائی پر پڑگیا، ان بیچاروں کے پاس اتنی رقم نہیں تھی کہ و ہ ٹھیک سے اپنا علاج کرواتے۔ سیٹھ صاحب کا فرض تھا کہ جو رقم ا نکے لئے زکوٰۃ کی مد میں رکھی تھی و ہ انھیں ادا کر دیتے تاکہ وہ اس سے اپنا علاج بھی کرواتے اور گھر میں راشن وغیرہ بھی ڈال لیتے مگر انھوں نے انھیں کوئی رقم نہ دی کیونکہ اگر وہ ایسا کرتے تویہ کیسے پتہ چلتا کہ فلاں سیٹھ صاحب نے فلاں صاحب کو حج کروایا ہے(یعنی واہ واہ نہ ہوئی)؟

اللہ تبارک و تعالیٰ ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین

Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 196 Articles with 320731 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More